بھارتی وزارت داخلہ، خارجہ اور انڈین وزارت سپورٹس کی طرف سے ایشیئن سائیکلنگ ٹریک کپ اور سارک سائیکلنگ چیمپئن شپ میں شرکت کیلئے قومی کھلاڑیوں کو این او سی جاری

بدھ 7 ستمبر 2016 14:33

اسلام آباد ۔ 07 ستمبر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔07 ستمبر۔2016ء) بھارتی وزارت داخلہ، خارجہ اور انڈین وزارت سپورٹس نے ایشیئن سائیکلنگ ٹریک کپ اور سارک سائیکلنگ چیمپئن شپ میں شرکت کیلئے قومی کھلاڑیوں کو این او سی جاری کر دیا۔ فیڈریشن نے بھارتی سفارتخانے کو ویزوں کیلئے درحواستیں جمع کرا چکی ہیں امید ہے پاکستانی کھلاڑیوں کو جلد ویزے مل جائیں گے۔

ویزے ملنے کی صورت میں قومی ٹیم 12 ستمبر کو بھارت روانہ ہوگی۔ پاکستان سائیکلنگ فیڈریشن کے سیکرٹری سید اظہر علی شاہ نے بدھ کو اے پی پی کو بتایا کہ ایشین سائیکلنگ ٹریک چیمپئن شپ 14 سے 16 ستمبر جبکہ سارک سائیکلنگ چیمپئن شپ 17 سے 18 ستمبر تک بھارت میں کھیلی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ایونٹس میں شرکت کیلئے بھارتی وزارت داخلہ، خارجہ اور بھارتی وزارت سپورٹس نے قومی کھلاڑیوں کو این او سی جاری کر دیا ہے اور اب قومی کھلاڑیوں کو صرف ویزوں کا انتظار ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ فیڈریشن نے کھلاڑیوں کی ویزوں کیلئے بر وقت اپلائی کیا ہے تاہم بھارتی سفارتخانے نے ایشین سائیکلنگ ٹریک چیمپئن شپ اور سارک سائیکلنگ چیمپئن شپ میں شرکت کیلئے قومی کھلاڑیوں کو تاحال ویزے جاری نہیں کئے۔ انہوں نے کہا کہ فیڈریشن بھارتی سفارتخانے کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہیں امید ہے بھارتی سفارت خانہ جلد پاکستانی سائیکلسٹ کو ویزے جاری کریں گے اور ویزے ملنے کی صورت میں 11 رکنی قومی ٹیم واہگہ بارڈر کے راستے 12 ستمبر کو بھارت روانہ ہوگی جس میں7کھلاڑی اور 4 آفیشلز شامل ہیں، کھلاڑیوں میں صابر، حافط طاہر محمود، نور عالم، محسن، نجیب ذیشان اور ثاقب داود شامل ہیں جبکہ آفیشلز میں ممتاز ریاض ٹیم منیجر، عائشہ ریاض اسسٹنٹ منیجر، جان عالم کوچ اور سمیر علام بطور مکینک ٹیم کے ہمراہ ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ کھلاڑیوں کو ویزے ملنے کی صورت میں قومی ٹیم ایشیئن سائیکلنگ ٹریک چیمپئن شپ اور سارک سائیکلنگ چیمپئن شپ میں شرکت کیلئے12ستمبر کو بھارت روانہ ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ ایونٹس کی تیاری کیلئے قومی کھلاڑیوں کا تربیتی کیمپ لاہور میں جاری ہے۔ دونوں ایونٹس میں پاکستانی ٹیم شرکت کریگی۔ سید اظہر علی شاہ نے کہا کہ چیمپئن شپ کیلئے ہماری تیاری مکمل ہے اور ہم نے مستند اور باصلاحیت کھلاڑیوں پر مشتمل دستہ تیارکیا گیا ہے تاکہ ایونٹ میں وہ اپنے ملک کا نام روشن کرسکیں گے۔