ورلڈ کپ فٹ بال کوالیفائنگ میں اسپین کی بڑی فتح،ویلز بھی کامیاب

بدھ 7 ستمبر 2016 12:37

ورلڈ کپ فٹ بال کوالیفائنگ میں اسپین کی بڑی فتح،ویلز بھی کامیاب

بلغراد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔07 ستمبر۔2016ء)اسپین نے فٹبال ورلڈ کپ 2018 کے کوالیفائنگ راؤنڈ میں اپنی مہم کا آغاز شاندار فتح سے کیا ، جبکہ گیرتھ بیل کی ویلز نے بھی تاریخی کامیابی حاصل کی۔ ڈیاگو کوسٹا، ڈیوڈ سلوا اورالوارو موراتا کے 2،2گول کی مدد سے اسپین نے لیون میں لیشن اسٹائن کو0-8سے شکست دی۔ادھر کارڈف میں ریال میڈرڈ کے فارورڈ گیرتھ بیل کی شاندار کارکردگی سے ویلز نے مالدووا کو0-4سے شکست دی۔

ویلز کے اسٹار فٹبالر نے 38 ویں منٹ میں سیم ووکس کو گول کرنے میں مدد کی اور بعد میں دو گول خود داغے۔ وہ کیریئر کی بہترین فارم میں ہیں اور ایونٹ میں ویلز کیلئے اب تک 3گول اسکور کرچکے ہیں، یہی نہیں بلکہ ان کے انٹرنیشنل گولز کی تعداد 24 ہوچکی ہے۔بلغراد میں آئرلینڈ نے سربیا کے خلاف میچ 2-2 سے برابر کیا۔

(جاری ہے)

دوسری جانب کوسوو نے ویلون بریشا کے پہلے انٹرنیشنل گول کی بدولت فن لینڈ سے مقابلہ1-1 سے برابر کردیا۔

اٹلی نے اسرائیل کو 3-1سے شکست دے دی۔ آئس لینڈ اور یوکرائن کے درمیان ہونے والے مقابلے میں دونوں ٹیمیں 1-1گول سے برابر رہیں۔دریں اثنا زغرب میں کروشیا کی ٹیم اپنے ہوم گراؤنڈ میں فتح حاصل نہ کرسکی اور ترکی کے خلاف میچ ایک ایک گول سے برابر ہوگیا۔ ادھر ایشیا سے کوالیفائنگ کرنے کیلئے بھی ٹیموں کے درمیان جنگ جاری ہے۔ سعودی عرب نے عراق کو ایک کے مقابلے میں دو گول سے زیر کیا۔ شام اور کوریا کا میچ کسی گول کیبغیر ڈرا ہوگیا۔چین اور ایران کا مقابلہ بھی نتیجہ خیز ثابت نہ ہوسکا، کوئی ٹیم گول اسکور نہ کرسکی۔ جاپان نے تھائی لینڈ کو اس کے ہوم گراؤنڈ پر دو گول سے باآسانی زیر کیا۔ البانیہ کی ٹیم نے مقدونیہ کو 1-2 سے مات دے کر مہم جاری رکھی۔