پاکستان پہلے مضبوط تھا، آج ناقابل تسخیر ہو چکا ہے، آرمی چیف

شہدا کی قربانیوں کو کسی صورت ضائع نہیں ہونے دیں گے، قومی سلامتی کی خاطر کسی بھی حد تک جانے سے گریز نہیں کریں گے، ضرب عضب کے کے طے شدہ مقاصد حاصل کر لیے ہیں، کشمیر ہماری شہ رگ ہے جس کی سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھیں گے، سی پیک منصوبے کیخلاف کسی بھی سازش سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا: آرمی چیف راحیل شریف کا یوم دفاع کے سلسلے میں منعقدہ تقریب سے خطاب

muhammad ali محمد علی منگل 6 ستمبر 2016 22:11

پاکستان پہلے مضبوط تھا، آج ناقابل تسخیر ہو چکا ہے، آرمی چیف

راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔6 ستمبر ۔2016ء) آرمی چیف کا کہنا ہے کہ پاکستان پہلے مضبوط تھا اور آج ناقابل تسخیر ہو چکا ہے۔ تفصیلات کے مطابق یوم دفاع کے سلسلے میں پاک فوج کے ہیڈکوارٹر جی ایچ کیو میں خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں آرمی چیف سمیت ملک کی اعلی سول قیادت نے بھی شرکت کی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے آرمی چیف کا کہنا تھا کہ شہدا کی بدولت آزاد اور باوقار ملک میں رہ رہے ہیں. جنگ ستمبر 1965 ملک کی تاریخ کا روشن باب ہے. پاکستان پہلے مضبوط تھا جبکہ آج ناقابل تسخیر ہو چکا ہے۔

آرمی چیف کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے ناسور سے کئی ممالک انتشار کا شکار ہوئے جن میں پاکستان بھی شامل ہے۔ تاہم اللہ کے کرم سے پاکستان نے دہشتگردی کے چیلنجز کا بھرپور مقابلہ کیا ہے۔

(جاری ہے)

پولیس اور لیویز نے بے شمار قربانیاں پیش کی ہیں۔ ایک وقت تھا کہ شمالی وزیرستان اور ملک کے کئی علاقے دہشت گردوں کی آماجگاہ بن چکے تھے۔ تاہم اب وطن عزیز کا کوئی بھی علاقہ آج سبز ہلالی پرچم کےسائے سے محروم نہیں ہے۔

اس مقصد کیلئے پاک فوج کیساتھ ساتھ پولیس اور لیویز نے بے شمار قربانیاں پیش کی ہیں۔ امن کی خاطر ہم نے اپنے گھر بار چھوڑنے کی تکالیف برداشت کیں۔ دہشتگردی سے جنگ میں 18ہزار شہریوں اور 5 ہزارفوجی جوانواں نے جان کا نذرانہ دیا۔ اپنے شہدا کی قربانیوں کو کسی صورت ضائع نہیں ہونے دیں گے اور قومی سلامتی کی خاطر کسی بھی حد تک جانے سے گریز نہیں کریں گے۔

ضرب عضب دہشتگردوں کے بلا امتیاز خاتمے کا عمل تھا اور ہمارے لیے وطن کی بقا کی جنگ ہے جس کے کے طے شدہ مقاصد حاصل کر لیے ہیں۔ آرمی چیف کا کہنا تھا ہم دشمن کی سازشوں کو خوب جانتے ہیں۔ ملک کے امن کو لاحق اندرونی اور بیرونی خطرات مکمل طور پر ختم نہیں ہوئے ہیں۔ پاکستان رویتی یا غیر رویتی ہر طرح کی جنگ کا مقابلہ کرنے کیلئے تیار ہے۔ ہم ہمسایہ ممالک کیساتھ پرامن اور دوستانہ تعلقات چاہتے ہیں۔

مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ کی قرار داتوں کے مطابق حل ہونا چاہیے۔ کشمیر ہماری شہ رگ ہے جس کی سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھیں گے۔ سی پیک منصوبے کے حوالے سے آرمی چیف کا کہنا تھا کہ یہ منصوبہ پورے خطے کی خوشحالی کا باعث بنے گا۔ اس منصوبے کی بروقت تکمیل ہمارا اولین فرض ہے۔ اس منصوبے کیخلاف کسی بھی سازش سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔