تعصب اور شرپسندی کا خاتمہ کرنا ہو گا ، خلیل طاہر سندھو

Mohammad Ali IPA محمد علی منگل 6 ستمبر 2016 18:48

لا ہور( اْردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔ 06ستمبر۔2016ء ) پنجاب کے وزیر برائے انسانی حقوق و اقلیتی امور خلیل طاہر سندھو نے کہا ہے کہ 1965کی جنگ میں دفاع پاکستان کے لئے افواج پاکستان اور ہمارے آباؤ اجداد نے بے دریغ قربانیاں دیں ،پوری قوم نے متحد ہو کر وطن عزیز کا دفاع کیا اور دشمن کو عبرتناک شکست دی ۔

(جاری ہے)

مقامی سکول میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آج نوجوان نسل کو قلم اور جدید ٹیکنالوجی سے آراستہ ہو کر ملک کی جغرافیائی،نظریاتی اور معاشی سرحدوں کی حفاظت کرنا ہو گی ،انہوں نے کہا فروغ تعلیم کے بغیر ہم پاکستان کو آگے نہیں بڑھا سکتے - بین الاقوامی سطح پر اپنا کھویا ہوا مقام حاصل کرنے کے لئے ہمیں جدت اور ٹیکنالوجی کو اپنا نا ہو گا، سائنس و تحقیق کے کلچر کوفروغ دینا ہو گا، ملک کے طول و عرض میں علم کی شمعیں روشن کرنا ہو گی اور وطن عزیز کے خلاف سازشوں میں مصروف اندرونی و بیرونی دشمنوں کو سخت پیغام دینا ہو گا ۔

انہوں نے کہا کہ پوری قوم نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بے مثال قربانیاں دی ہیں ہمیں فروغ تعلیم سے معاشرے سے تعصب اور شرپسندی کا خاتمہ کرنا ہو گا ۔