ورکرز کی پیداواری صلاحیت بڑھانا چاہتے ہیں تو ان کو پیزا کھلائیں ،سائنسی تحقیق

پیر 5 ستمبر 2016 15:07

واشنگٹن۔ 05 ستمبر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔05 ستمبر۔2016ء) فیکٹری اور اداروں کے مالکان اپنے ورکرز کی پیداواری صلاحیت بڑھانا چاہتے ہیں تو ان کو پیزا کھلائیں ،یہ بات ایک سائنسی تجربے سے ثابت ہوئی ہے کہ پیزا پیداواری صلاحیت کو بڑھانے میں معاون ثابت ہوتا ہے۔ڈیوک یونیورسٹی نے کام کرنے والی جگہوں پر کھانے کے پیداواری صلاحیتوں پر اثرات کے حوالے سے ایک سیمی کنڈکٹر ساز فیکٹری کے ورکرز پر تجربہ کیا جس کے لئے ورکرز کو چار کنٹرولڈ گروپوں میں تقسیم کیا گیا ان میں سے ایک گروپ ”اے“کو کہا گیا کہ وہ ایک مخصوص عرصہ میں بہتر پیداواری صلاحیت کا مظاہرہ کرتے ہیں تو ان کو باس کی طرف سے”ویل ڈن“کا پیغام ملے گا،دوسرے گروپ ”بی“کو 30 ڈالر بونس، تیسرے گروپ ”سی“کو مفت پیزا وؤچر ملنے کا لالچ دیا گیا اور چوتھے گروپ”ڈی“ کو کسی انعام یا لالچ سے باہر رکھا گیا۔

(جاری ہے)

ایک ہفتے کے وقت کے دوران تمام گروپس کی کارکردگی کو سخت جانچ میں رکھا گیا اور گروپ”سی“نے پیداواری صلاحیت میں سب سے زیادہ 6.7 فیصد اضافہ ظاہر کیا،ویل ڈن والا گروپ 6.6 فیصد کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہا ۔اس سائنسی مطالعے کا نتیجہ یہ بتایا گیا ہے کہ ورکرز باس کی جانب سے تعریف اور تحفے کے بھوکے ہوتے ہیں بونس ان کے لئے عارضی حیثیت رکھتا ہے جو خرچ ہو جاتا ہے لیکن باس کی طرف سے کسی ورکر کے کام کے لئے پسندیدگی کا اظہار سب سے زیادہ اہمیت کا حامل ہوتا ہے جو ورکر کی استعداد کار بڑھاتا ہے اور وہ پہلے سے بھی زیادہ محنت کرنے پر مائل ہوجاتا ہے۔

مطالعاتی رپورٹ میں کہا گیا کہ ورکرز کو شاباشی کے طور مفت پیزا وؤچر دینے کے بجائے پیزا کو ان کے گھر پر ڈیلیور کیا جائے تو اس کے اثرات اور بھی زیادہ بہتر ہو سکتے ہیں۔