بستر کی چادروں اور تکیے کے غلافوں برآمدات میں جولائی کے دوران 5.64 فیصد اضافہ

پیر 5 ستمبر 2016 12:00

اسلام آباد ۔ 05 ستمبر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔05 ستمبر۔2016ء) جاری مالی سال 2016-17ء کے پہلے ماہ جولائی کے دوران بسترکی چادروں اور تکیے کے غلافوں وغیرہ کی ملکی برآمدات میں 5.64 فیصد کا اضافہ ہوا ہے۔ ادارہ برائے شماریات پاکستان ( پی بی ایس) کے اعدادوشمار کے مطابق جولائی 2016ء کے دوران 27 ہزار 183میٹرک ٹن بیڈویئرز کی برآمدات سے 167.665 ملین ڈالر کا زرمبادلہ حاصل ہوا ہے جبکہ گزشتہ مالی سال کے اسی عرصہ کے دوران 158.71 ملین ڈالر مالیت کی 24 ہزار 644 میٹرک ٹن بستر کی چادریں وغیرہ برآمد کی گئی تھیں۔

رپورٹ کے مطابق جون 2016ء کے دوران بستر کی چادروں کی برآمدات کا حجم 25 ہزار 54 میٹرک ٹن ریکارڈ کیا گیا تھا جس سے 154.89 ملین ڈالر کا زرمبادلہ حاصل ہوا تھا۔ پی بی ایس کے مطابق رواں مالی سال میں ٹینٹس‘ کینوس اور ترپالوں کی قومی برآمدات میں بھی 18.28 فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے جس سے 5.557 ملین ڈالر کا قیمتی زرمبادلہ حاصل ہوا ہے۔

(جاری ہے)

اسی طرح جاری مالی سال کے دوران آرٹ ‘ سلک ‘ سینتھیٹک ٹیکسٹائلز کی ملکی برآمدات میں بھی 4.8 فیصد کا اضافہ ہونے سے برآمدات کا حجم 23.83 ملین ڈالر تک بڑھ گیا ۔

رپورٹ کے مطابق گزشتہ مالی سال کے مقابلہ میں رواں مالی سال کے دوران تولیے کی برآمدات میں 16.20 فیصد کی کمی ریکارڈ کی گئی ہے جس کی برآمدات جولائی 2015ء کے دوران 67.19 ملین ڈالر رہی تھیں لیکن جولائی 2016ء کے دوران تولیہ کی ملکی برآمدات کا حجم 56.965 ملین ڈالر تک کم ہوگیا۔ پی بی ایس کے اعدادو شمار کے مطابق ٹیکسٹائلز کی مختلف ملکی برآمدات میں جولائی 2016ء کے دوران 5.89 فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے اور اس دوران 33.77 ملین ڈالر کی برآمدات کی گئیں۔

متعلقہ عنوان :