ملکی ترقی کا پہیہ روکنے والوں کا ایجنڈا کامیاب نہیں ہو گا‘پروفیسر ساجد میر

ناچنے والے کبھی پاکستان نہیں چلاسکتے، عمران خاں طاہر القادری ہمیشہ بیرونی اشاروں پر ناچتے ہیں‘مرکزی امیر جمعیت اہل حدیث

اتوار 4 ستمبر 2016 17:16

لاہور (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 4 ستمبر - 2016ء ) امیر مرکزی جمعیت اہل حدیث پاکستان سینیٹر پروفیسر ساجد میر نے کہا ہے کہ جمہوریت کے خلاف سازش عوام کی قوت سے ناکام بنائیں گے،ملکی ترقی کا پہیہ روکنے والوں کا ایجنڈا کامیاب نہیں ہو گا،مسائل کے حل کے لیے پارلیمنٹ کی بجائے فوج سے امیدیں لگانا کہاں کی دانشمندی ہے، فوج کا کردار ملکی سلامتی اور دفاع کے لیے ناقابل فراموش ہے مگر بعض عناصر انہیں ملکی معاملات میں الجھانا چاہتے ہیں، پاکستان کو گالیاں دینے والوں کو چوکوں میں لٹکادینا چاہیے، ملک کے غداروں کے خلاف فیصلہ کن آپریشن کیا جائے،ایم کیو ایم کے دفاتر کے ساتھ ساتھ پاکستان مخالف سوچ پر بھی بلڈوز ر چلانا ہو گا۔

ملکی اداروں کو گالیاں دینا انتہائی غیر مہذب رویہ ہے، کشمیر یوں کی قربانیاں رنگ لائیں گی۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے مرکز دارالسلام میں مرکزی جمعیت اہل حدیث لاہورکے زیر اہتمام پاکستان زندہ باد اور آزاد ی کشمیر کا نفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔جسکی صدارت امیر لاہور قاری عبدالمتین اصغر نے کی۔ پروفیسر ساجد میر کا کہنا تھا کہ جنہوں نے حصول پاکستان کے لیے قربانیاں دیں وہ کبھی پاکستان کو گالی نہیں دے سکتے اورنہ سننا برداشت کرسکتے ہیں۔

مہاجروں نے اگر پاکستان کو ترجیح دی تھی تو انہیں یہاں مقام بھی ملا، انہیں آزادی کی قدر کرنی چاہیے۔آج مہاجروں کے حقوق کے نام پر پاکستان کو گالی دی جارہی ہے جو ہم برداشت نہیں کرسکتے۔ ہمارے اسلاف نے پاکستان کی خاطر اپنی جانوں کے نذرانے پیش کیا آج انکے فرزند اس کی ناموس کی حفاظت کریں گے۔ پاکستان میں وہی رہے گا جو پاکستان زندہ باد کا نعرہ لگائے گا۔

جو گالی دے گا ہم اسے سمندر میں پھینک دیں گے۔ کشمیری تکمیل پاکستان کی جنگ لڑرہے ہیں ان کی قربانیاں ضرور رنگ لائیں گی۔ کشمیر میں آزادی کا سورج بہت جلد طلوع ہونے والا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ احتجاج اور دھرنوں کی سیاست سے ملکی ترقی کا پہیہ نہیں روکا جاسکتا، جمہوریت کی بساط لپیٹنے والوں کوعوامی قوت سے شکست دیں گے۔ ناچنے والے کبھی پاکستان نہیں چلاسکتے۔

عمران خاں طاہر القادری ہمیشہ بیرونی اشاروں پر ناچتے ہیں۔ ان کے پاس عوامی فلاح اور ملکی ترقی کا کوئی ایجنڈا نہیں انتشار پھیلانا اور ملک کو کمزور نا انکا مشترکہ ایجنڈا ہے۔ہم اللہ کے فضل اور عوام کی قوت سے ملک دشمنوں کا ایجنڈا ناکام بنادیں گے۔ قاری عبدالمتین اصغر نے کہا کہ پاکستان اسلام کے نام پر حاصل کیا تھا اسکی بقا بھی اسی نظام کے نفاذ میں مضمر ہے۔

سینئر نائب ناظم اعلی مولانا نعیم بٹ نے کہا کہ پاکستان ہمیں اپنی جانوں سے زیادہ عزیز ہے اسکی طرف میلی نگاہ اٹھانے والوں کی آنکھیں نکال دیں گے۔کشمیریوں پر مظالم پر عالمی انسانی حقوق کے اداروں کی خاموشی شرمناک ہے۔امیر پنجاب پروفیسر عبدالستار حامد نے کہا کہ پاکستان عالم اسلام کا قلعہ ہے اس میں شگاف ڈالنے کی ہر سازش کو ناکام بنادیں گے۔ملکی سالمیت کو نقصان پہچانے والوں کا پیچھا کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی جمعیت اہل حدیث ملک میں قرآن وسنت کی بالادستی چاہتی ہے اس لیے کہ پاکستان کی یہی نظریاتی اساس ہے۔ کانفرنس سے مرکزی جمعیت اہل حدیث لاہور کے جنرل سیکرٹری حکیم عبداللطیف، قاری ارشد بیگم کوٹی ودیگر مقررین نے بھی خطاب کیا۔