وزیر اعظم کی تقریر وں سے واضح ہے حکومت گن گن کر اپنے دن پورے کر رہی ہے ‘ قمر زمان کائرہ

پیپلز پارٹی پانامہ پیپرز کی تحقیقات کے حوالے سے دوٹوک موقف رکھتی ہے ،کوئی لچک نہیں دکھائی گئی ‘ رہنما پیپلزپارٹی

اتوار 4 ستمبر 2016 17:15

لاہو ر(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 4 ستمبر - 2016ء) پاکستان پیپلزپارٹی کے مرکزی رہنما قمرزمان کائرہ نے کہا ہے کہ حکومتی وزراء کے بیانات سے واضح ہے کہ حکومت پانامہ پیپرز کی تحقیقات میں ہرگز سنجیدہ نہیں،اپنے رویے پر نظر ثانی کرنے میں خود شریف برادران کا اپنا ہی فائدہ ہے ،وزیر اعظم نوازشریف کی تقریر وں سے واضح ہے کہ حکومت گن گن کر اپنے دن پورے کر رہی ہے ۔

ایک انٹر ویو میں قمر زمان کائرہ نے کہا کہ پانامہ پیپرز میں نام آنے کے بعد شریف خاندان خود کو احتساب کیلئے پیش کرنے کی بجائے اپنے بچاؤ کی تدبیریں کر رہا ہے ۔ بعض وزراء کا رویہ خود حکومت کیلئے سود مند نہیں اس لئے ہوش کے ناخن لینے چاہئیں۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی پانامہ پیپرز کی تحقیقات کے حوالے سے دوٹوک موقف رکھتی ہے اور اس میں کوئی لچک نہیں دکھائی گئی ۔

(جاری ہے)

اگر حکومت سنجیدہ ہو تی یہ معاملہ کب کا ختم ہو چکا ہوتا لیکن حکومت وقت پاس کرنا چاہتی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ وزیر اعظم نواز شریف کا یہ کہنا کہ ساڑھے تین سال گزر گئے ہیں ڈیڑھ سال بھی گزر جائے گا مضحکہ خیز ہے ، اس سے ثابت ہوتا ہے کہ وہ خود بھی گن گن کر دن پورے کر رہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی جمہوریت کے استحکام پر یقین رکھتی ہے لیکن موجودہ حکمران جمہوری طرز عمل اپنانے کو تیار ہی نہیں ۔ پیپلز پارٹی نے ہر دور میں احتساب کا سامنا کیا ہے لیکن (ن) لیگ کے حکمران مزاحمت پر اتر آئے ہیں جسکے نتائج کسی صورت بھی اچھے نہیں ہو سکتے۔

متعلقہ عنوان :