ایل ٹی سی کے چالانوں اور ایل پی جی کی قیمتوں میں من مانے اضافے کے خلاف عوامی رکشہ یونین کا ہنگامی اجلاس

اتوار 4 ستمبر 2016 16:42

لاہور(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 4 ستمبر - 2016ء) ایل ٹی سی کے ظالمانہ چالانوں اور ایل پی جی کی قیمتوں میں من مانے اضافے کے خلاف عوامی رکشہ یونین کا ہنگامی اجلاس فیصل ٹاؤن مرکزی دفتر میں منعقد ہوا۔ جس کی صدارت عوامی رکشہ یونین کے چیئرمین مجیدغوری نے کی ۔ مجید غوری نے کہا ہے کہ ایل ٹی سی نے عید قربان سے پہلے ہی رکشہ ڈرائیوروں کی کمائی پر چھری چلانا شروع کر دی ہے۔

رکشہ ڈرائیوروں کا1000روپے کا چالان کرنا شروع کر دیا ہے جبکہ ایل پی جی فروخت کرنے والے دکانداروں نے بھی راتوں رات گیس کی قیمتوں میں10روپے فی کلو کا اضافہ کر دیا ہے۔جو سراسر ظلم اور رکشہ ڈرائیوروں کے معاشی قتل کے مترادف ہے۔مجید غوری نے وزیر اعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف اور ڈی سی او لاہور سے فوری طور پر نوٹس لینے کی اپیل کی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا ہے کہ ایل ٹی سی کو رکشہ ڈرایئوروں کے چالانوں سے روکا جائے ہمارا چالان صرف ٹریفک پولیس کرے اور ایل پی جی قیمتوں میں کیا گیا من مانا اضافہ فی الفور واپس لیا جائے۔

ان کا کہنا تھا کہ اگر24گھنٹے میں ہمارے مطالبات تسلیم نہ کئے گئے تو ہم سڑکوں پر نکلنے پر مجبور ہو جائیں گے۔رکشہ ایک پبلک ٹرانسپورٹ اور کم آمدنی والی سواری ہے۔دو2محکموں کے چالان اس کی قوت برداشت سے باہر ہیں۔ رکشہ ڈرائیور 24گھنٹے بھی رکشہ چلائے تو آمدن 5سات سو سے زیادہ نہیں آتی۔ہزاروں روپے کے جرمانے کہا ں سے ادا کریں گے۔لہٰذا ہمارا مطالبہ ہے کہ ایل ٹی سی کو رکشہ ڈرائیوروں کے چالانو ں سے روکا جائے اور مہنگے داموں ایل پی جی فروخت کرنے والوں کے خلاف فوری کاروائی کی جائے۔

متعلقہ عنوان :