لوگوں کو اسلامی بینکاری کی طرف راغب کرنے کے لیے نئی سکیموں کا اجراء کیا جائے ‘ ڈپٹی گورنر سٹیٹ بینک

اسلامی نظام بینکاری میں پیسے کے ذریعے اقتصادی و معاشی سرگرمیاں پیدا ہوتی ہیں،معاشرے میں روپیہ گردش میں آتا ہے‘سعید احمد

اتوار 4 ستمبر 2016 16:42

لاہور(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 4 ستمبر - 2016ء) ڈپٹی گورنر سٹیٹ بینک آف پاکستان سعید احمد نے کہا ہے کہ اسلامی بینکاری یہ بہترین نظام بینکاری ہے اور اسے فروغ دینے کیلئے معلومات پھیلانے اور لوگوں میں شعور و آگہی پیدا کرنے کی ضرورت ہے ۔ان خیالات کا اظہار لاہور چیمبر کے سینئر نائب صدر الماس حیدر سے لاہور چیمبر میں ملاقات کے موقع پر کیا۔

انہوں نے کہا کہ لوگوں کو اسلامی بینکاری کی طرف راغب کرنے کے لیے بینکار نئی سکیموں کا اجراء کریں۔ انہوں نے کہا کہ اسلامی بینکاری بظاہر روایتی بینکاری کی طرح دکھائی دیتی ہے لیکن دونوں کے پراسیس میں کافی فرق ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسلامی نظام بینکاری میں پیسے کے ذریعے اقتصادی و معاشی سرگرمیاں پیدا کرتے ہیں جس سے معاشرے میں روپیہ گردش میں آتا ہے۔

(جاری ہے)

لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سینئر نائب صدر الماس حیدر نے اسلامی بینکاری کے متعلق شعور و آگہی پیدا کرنے کے لیے ذرائع ابلاغ کے ذریعے مہم چلانے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ سود سے پاک اسلامی بینکاری نے گزشتہ چند سالوں کے دوران بہت تیزی سے ترقی کی ہے اور مزید پروڈکٹس متعارف کرواکے اس کے حجم کو بڑھایا جاسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری اسلامی مالیاتی اداروں کے ساتھ مل کر اسلامی بینکاری نظام کے متعلق سیمینار اور ورکشاپس منعقدکرنے کو تیار ہے۔

متعلقہ عنوان :