1180میگا واٹ کا کمبائنڈ سائیکل بھکھی پاور پلانٹ آئندہ سال دسمبر میں مکمل ہو جائیگا،

پارلیمانی سیکرٹری برائے خزانہ رانا بابرحسین

اتوار 4 ستمبر 2016 16:31

لاہور (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 4 ستمبر - 2016ء) صوبائی پارلیمانی سیکرٹری برائے خزانہ رانا بابرحسین نے کہا ہے کہ بجلی کی 1180میگا واٹ پیداواری صلاحیت کا کمبائنڈ سائیکل بھکھی پاور پلانٹ آئندہ سال دسمبر میں مکمل ہو جائیگا،منصوبہ پر 70فیصد سول انجینئرنگ کا کام مکمل ہو گیا،پاور پلانٹ 60لاکھ گھروں کو بجلی فراہم کرنے اورجدید مشینری کی بدولت کم سے کم فیول میں زیادہ سے زیادہ بجلی بنانے کی صلاحت رکھتا ہے، 500-KV کے گرڈ اسٹیشن کی تعمیر بھی منصوبہ میں شامل ہے جس پر 70فیصد کام مکمل ہو چکا ہے جبکہ پلانٹ سے پیدا ہونے والی بجلی کو قومی گر ڈمیں شامل کرنے کیلئے ٹرانسمیشن لائن کی تعمیر پر بھی کام تیزی سے جاری ہے، کمبائنڈ سائیکل بھکھی پاور پلانٹ کا پہلا مرحلہ مارچ 2017میں مکمل ہو گا اور قومی گرڈ میں 800میگاواٹ بجلی شامل ہو جائیگی جبکہ اس کی تکمیل دسمبر 2017میں ہو گی جب 1180میگاواٹ بجلی کی قومی گرڈ کو ترسیل شروع ہو جائے گی جس سے لوڈ شیڈنگ میں خاطر خواہ کمی آئے گی،انہوں نے بتایا کہ بھکھی پاور پلانٹ پر پہلے فیز کا 70فیصد کام مکمل ہو جاچکا ہے، جدید ترین مشینری کا حامل یہ پاور پلانٹ کمبائنڈ سائیکل ہے جو گیس اور ڈیزل دونوں سے چلایا جا سکتا ہے، اس پلانٹ کی تنصیب دوست ملک چین کی ہاربن الیکٹرک انٹرنیشنل کمپنی کر رہی ہے جبکہ اس کی کنسلٹنسی نیسپاک کے پاس ہے۔