الیکشن کمیشن سے شوکت عزیز سمیت جعلی ڈگریوں میں سزا یافتہ سینکڑوں پارلیمنٹیرین کی جانب سے جمع کرائے جانے والے کاغذات اور اثاثوں کی تفصیلات غائب

اتوار 4 ستمبر 2016 16:29

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 4 ستمبر - 2016ء) الیکشن کمیشن آف پاکستان سے سابق وزیر اعظم شوکت عزیز سمیت جعلی ڈگریوں میں سزا یافتہ سینکڑوں پارلیمنٹیرین کی جانب سے جمع کرائے جانے والے کاغذات اور اثاثوں کی تفصیلات غائب ہو گئی ہیں ۔ پانامہ پیپرز میں آف شور کمپنیوں کے انکشاف کے بعد الیکشن کمیشن میں جمع کرائے جانے والے اثاثوں اور دیگر تفصیلات میں رد و بدل کی کوششیں تیز کر دی گئی ہیں ذرائع کے مطابق الیکشن کمیشن آف پاکستان سے سابق صدر جنرل ( ر) پرویز مشرف ، وزیر اعظم شوکت عزیز سمیت سینکڑوں سابق پارلیمنٹیرین کا ریکارڈ اور اثاثوں کی تفصیلات غائب ہو گئی ہیں ۔

ذرائع کے مطابق پیپلزپارٹی کے دور حکومت میں جعلی ڈگریوں کے خلاف چھان بین کے دوران جن اراکین قومی اور صوبائی اسمبلی کے ڈگریاں جعلی ثابت ہوتی تھی اور ان کے خلا ف کیسز کے اندراج کے لئے پولیس کو لکھا گیا تھا ان اراکین اسمبلی ریکارڈ الیکشن کمیشن سے پراسرار طور پر غائب ہو گیا ہے ذرائع کے مطابق سابق وزیر اعظم پاکستان شوکت عزیز کی جانب سے بطور امیدوار قومی اسمبلی جمع کرائے جانے والے تمام کاغذات اور ان کے اثاثوں کی تفصیلات الیکشن کمیشن کے دفتر سے غائب کی جا چکی ہیں اسی طرح حکمران جماعت سے تعلق رکھنے والے سابق پارلیمنٹیرین جن کے خلاف جعلی ڈگری سے متعلق کیسز تھانوں میں درج کئے گئے ہیں ان کا ریکارڈ بھی الیکشن کمیشن میں دستیاب نہیں ہے ۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق پانامہ پیپرز کے انکشافات کے بعد بااثر سیاسی پارلیمنٹیرین کی جانب سے الیکشن کمیشن میں جمع کرائے جانے والے دستاویزات اور اثاثوں کی تفصیلات میں ردو بدل کرنے کے لئے مخصوص ذرائع استعمال کرنے کی کوششیں بھی کی جا رہی ہیں ۔