پاکستان کی 18 کروڑ عوام کشمیریوں کی پشت پر ہے ،سراج الحق

سی پیک میں آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کو شامل کرنے کے حوالے سے ہر فورم پر نمائندگی کروں گا اجلاس سے خطاب کشمیر کی آزادی اور آزاد خطے میں نظام کی اصلاح ہمارا ہدف ہے،عبدالرشید ترابی

اتوار 4 ستمبر 2016 16:08

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 4 ستمبر - 2016ء) جماعت اسلامی پاکستان کے امیر سینیٹر سراج الحق نے جماعت اسلامی آزاد جموں وکشمیر کی مرکزی مجلس شوریٰ کے سالانہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ آزاد کشمیر میں کامیاب سیاسی حکمت عملی کے باعث جماعت اسلامی کوپارلیمانی رول ملا ہے تحریک آزادی کشمیر کی تقویت کے لیے بیس کیمپ کے حقیقی کردار کی بحالی کے لیے اس نمائندگی کو برؤکار لایاجائے ،آزاد خطے اور گلگت بلتستان کے مسائل کے حل کے لیے میں سینیٹ میں ترجمانی کروں گا،وفاقی حکومت اپنے صوبوں کے مساوی حقوق آزادکشمیر اور گلگت بلتستان کے عوام کو فراہم کرے ،سی پیک میں آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کو شامل کرنے کے حوالے سے ہر فورم پر نمائندگی کروں گا،شوریٰ کے اجلاس میں امیر جماعت اسلامی آزاد جموں وکشمیر و ممبر قانون ساز اسمبلی عبدالرشید ترابی،سابق امیر جماعت اسلامی سردار اعجاز افضل خان،نائب امراء ڈاکٹر مشتاق،ڈاکٹر خالد محمود،نورالباری،شیخ عقیل الرحمان،محمود الحسن چودھری،مشتاق ایڈووکیٹ سیکرٹری جنرل ارشد ندیم ایڈووکیٹ سمیت امراء اضلاع نے خطاب کیا،شوریٰ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ برہان وانی کی شہادت کے بعد جماعت اسلامی پاکستان نے اپنی تمام دیگر سرگرمیوں کو معطل کرتے ہوئے گذشتہ 3ماہ سے مسلسل تحریک آزادی کشمیر کو فوکس کیے ہوئے ہے اس کے لیے ریلیاں کانفرنسز،مارچ کیے جارہے ہیں تاکہ عوام الناس کو تحریک کی پشت پر لایاجا سکے اسلام آباد میں ایک قومی کانفرنس کا انعقاد کیا گیا جس میں حکومت اور اپوزیشن کی تمام جماعتوں نے متفقہ طور پر کشمیر کی آزادی کے ون پوائنٹ ایجنڈے پر اتفاق کر کے اس پر کام کرنے کا عہد کیا،ہم اہل کشمیر کو یقین دلاتے ہیں کہ کشمیر کی آزادی کی اس جدوجہدکو ملکی اور بین الاقوامی سطح پر اجاگر کرنے کے لیے کردار ادا کریں گے،ہم حکومت پاکستان سے بھی مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ کشمیریوں کی پشتیبانی کا حق ادا کریں،اس موقع پر انہوں نے کہا کہ بنگلہ دیش میں نظریہ پاکستان اور پاک فوج کا ساتھ دینے والوں کو بنگلہ دیشی حکومت ہندوستان کے کہنے پر سزائیں دے رہی ہے حکومت پاکستان،پاک فوج اپنا مطلوبہ کردار ادا کرے،انہوں نے جماعت اسلامی آزاد کشمیر کو ہدایت کی کہ وہ آزاد کشمیر میں موافق حالات سے استفادہ کرتے ہوئے ہر سطح پر تنظیم کو موثر کریں لوگوں کو جماعت میں شامل کریں ،آزاد کشمیر میں جاگیردارانہ اور سرمایہ دارانہ نظام موجود نہیں ہے آزاد کشمیر کے معاشرے میں کام کرنا آسان ہے اور اس سے استفادہ کرتے ہوئے آزاد خطے کو تحریک آزادی اور پاکستان کے لیے ماڈل بنائیں ،اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے عبدالرشید ترابی نے کہا کہ جماعت اسلامی کشمیرکی آزادی اور آزاد خطے میں نظام کی اصلاح کرنے کے لیے جدوجہد کررہی ہے سالانہ جائزے میں تنظمیں میں وسعت ہوئی ہے نئے افراد شامل ہوئے ہیں پارلیمانی نمائندگی حاصل ہوئی ہے جو خوش آئند ہے اور اس کو بیس بنا کر پیش قدمی کی ضرورت ہے ،بلدیاتی انتخابات میں کامیابی کے لیے جماعت اسلامی حکمت عملی تشکیل دے رہی ہے اور اس میں بھی بھرپور نمائندگی حاصل کریں گے ۔