جماعت اسلامی بنگلہ دیش کے رہنما میر قاسم علی کا غائبانہ نماز جنازہ ادا کردی گئی

اتوار 4 ستمبر 2016 15:54

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 4 ستمبر - 2016ء) جماعت اسلامی بنگلہ دیش کے رہنما میر قاسم علی کا غائبانہ نماز جنازہ ادا کردی گئی،امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ بھارت محب وطن پاکستانیوں کو بنگلہ دیش میں چن چن کر قتل کروارہا ہے،میر قاسم کو پاکستان سے محبت کی سزادی گئی،مودی نے پاکستان توڑنے کا اعتراف کیا لیکن پاکستانی حکومت نے خاموشی اختیار کرلی،پاکستانی حکمرانوں نے جماعت اسلامی رہنماؤں کی پھانسیاں رکوانے کیلئے کوئی کردار ادا نہیں کیا،پاکستانی حکمرانوں کی خاموشی قابل مذمت ہے،8ستمبر کو اسلام آباد میں دھرنا دیں گے۔

وہ اتوار کو یہاں آئی8میں مسجد الفرقان کے باہر جماعت اسلامی بنگلہ دیش کے رہنما میر قاسم کی غائبانہ نماز جنازہ کی ادائیگی کے بعد میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔

(جاری ہے)

سینیٹر سراج الحق نے مرحوم کا غائبانہ نماز جنازہ پڑھایا،نماز جنازہ میں میاں اسلم،جماعت اسلامی کے رہنماؤں سمیت سینکڑوں افراد نے شرکت کی،میر قاسم علی کو گذشتہ روز بنگلہ دیشی حکومت نے پھانسی دے دی تھی،انہیں ٹربیونل نے جنگی جرائم میں سزائے موت سنائی تھی،غائبانہ نماز جنازہ کی ادائیگی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ جماعت اسلامی رہنماؤں کو پاکستان سے محبت کی سزا دی جارہی ہے،میر قاسم کو پاکستان سے محبت پر پھانسی دی گئی،میر قاسم کا جرم اتنا تھا کہ انہوں نے 1971میں پاکستان کا ساتھ دیا تھا۔

انہوں نے کہا کہ میر قاسم نے بنگلہ دیشی صدر سے رحم کی اپیل کرنے سے انکار کر دیا تھا،میر قاسم نے نظریہ پاکستان کا ساتھ دیا،میر قاسم کی اہلیہ نے بتایا کہ وہ مطمئن اور پرسکون تھے۔سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ پاکستانی حکمران خاموشی تماشائی کا کردار ادا کر رہے ہیں ہم نے تمام وفاقی وزراء کا ضمیر جنجھوڑنے کی کوشش کی،میں نے وزیراعظم،وزیرداخلہ اور مشیر خارجہ سے بات کی لیکن پھر بھی پاکستانی حکمرانوں نے پھانسیاں رکوانے میں کردار ادا نہیں کیا۔انہوں نے کہا کہ مودی نے پاکستان توڑنے کا اطراف کیا،مودی کے اطراف کے باوجود حکومت نے خاموشی اختیار کی جو قابل مذمت ہے،8ستمبر کو اسلام آباد میں دھرنا دیں گے

متعلقہ عنوان :