حج بیت اللہ کے موقع پر جلسے اور مظاہروں کی کوشش کرنے والے مسلم امة میں فساد پیدا کرنا چاہتے ہیں ،طاہر اشرفی

یرانی حجاج کا سعودی عرب آنا خوش کن اور سعودی حکومت کی پالیسیوں پر اعتماد کا اظہار ہے،مرکزی چیئرمین پاکستان علماء کونسل

اتوار 4 ستمبر 2016 15:05

لاہور (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 4 ستمبر - 2016ء) حج بیت اللہ کے موقع پر جلسے جلوس مظاہروں کی کوشش کرنے والے مسلم امة میں فساد پیدا کرنا چاہتے ہیں ۔ عرب دنیا مشرق وسطیٰ کی صورتحال حجاج کرام سے سعودی حکومت کے قوانین پر مکمل عملدرآمد کا تقاضہ کرتی ہے ۔ ایرانی حجاج کا دیگر ممالک کے ذریعے سعودی عرب آنا خوش کن اور سعودی حکومت کی پالیسیوں پر اعتماد کا اظہار ہے ۔

یہ بات پاکستان علماء کونسل کے مرکزی چیئرمین حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے اپنے ایک بیان میں کہی ۔ انہوں نے کہا کہ حج بیت اللہ مسلمانوں کے اتحاد اور اتفاق کی عظیم مثال ہے ۔ 29 رمضان المبارک کو مدینہ منورہ میں دہشت گردی کرنے والے اسلام دشمن عناصر ارض حرمین الشریفین کی امن و سلامتی کے ساتھ کھیلنا چاہتے ہیں ۔

(جاری ہے)

ان عناصر اور قوتوں کا مقابلہ مسلم امة کو متحد ہو کر کرنا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ سعودی عرب کی حکومت اور انتظامیہ حجاج کرام کی سہولتوں کیلئے ہر سال بہتر سے بہتر انتظامات کرتی ہے ۔ا سی طرح علماء اور فقہاء نے حج کے فریضہ کی ادائیگی منیٰ ، عرفات ، مزدلفہ اور رمی جمرات کے حوالہ سے قرآن و سنت کی روشنی میں جن سہولتوں کا اعلان کیا ہے حجاج کرام پر لازم ہے کہ وہ ان سہولتوں سے استفادہ کریں۔ انہوں نے کہا کہ داعش اور حوثی قبیلے کی طرف سے حج کے موقع پر تخریب کرنے کی دھمکیاں پوری ملت اسلامیہ کیلئے تشویشناک ہیں۔

ملت اسلامیہ کا ہر ہر فرد ارض حرمین الشریفین کے دفاع اور سلامتی کیلئے اپنی جان ، مال ، عزت آبرو قربان کرنے کو تیار ہے ۔حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ حکومت پاکستان سمیت تمام اسلامی ممالک کو سعودی عرب کی حکومت سے حج کے موقع پر انتظامات کے حوالہ سے ہر قسم کا تعاون کرنا چاہیے ۔ انہوں نے کہا کہ گذشتہ چھیا سی سالوں سے سعودی عرب کی حکومت نے حجاج کرام اور زائرین کیلئے جو خدمات سر انجام دی ہیں اور حجاج اور زائرین کی سہولت کیلئے جو اقدامات کیے ہیں وہ قابل تحسین ہیں اور 29 رمضان المبارک کو حرم مسجد نبوی میں خود کش حملہ آور کو داخل ہونے سے روک کر سعودی سلامتی کے اداروں نے جو کردار ادا کیا ہے وہ امت مسلمہ کا فخر ہے۔