Live Updates

رانا ثنا اللہ لاہور میں کاروبار زندگی کھلا رہنے ،پرویز رشید چار ارب کے نقصان کا دعویٰ کر رہے ہیں ‘ جمشید اقبال چیمہ

عوام کے سڑکوں پر ہونے کے خوف سے حکمرانوں نے کچھ گھنٹوں کیلئے کرپشن کا سلسلہ روکا جس سے ان کا ذاتی نقصان ہوا ‘ رہنما پی ٹی آئی

اتوار 4 ستمبر 2016 14:03

لاہور( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 4 ستمبر - 2016ء) پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما جمشید اقبال چیمہ نے کہا ہے کہ رانا ثنا اللہ کہہ رہے ہیں کہ احتساب مارچ کے باعث لاہور میں کاروبار زندگی معطل نہیں ہوا جبکہ وزیر اطلاعات پرویز رشید کاروبار نہ ہونے سے چار ارب کے نقصان کا دعویٰ کر رہے ہیں ،احتساب مارچ کے باعث تاجر برادری اور معیشت کو کوئی نقصان نہیں پہنچا البتہ عوام کے سڑکوں پر ہونے کے خوف سے حکمرانوں نے کچھ گھنٹوں کیلئے کرپشن کا سلسلہ روکا جس سے ان کا ذاتی نقصان ضرور ہوا ہے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے احتساب مارچ کی کامیابی کی خوشی میں اپنے دفتر میں کارکنوں کے اعزاز میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ جمشید اقبال چیمہ نے کہا کہ ایک طرف حکمران احتساب مارچ کی ناکامی کے دعوے کر رہے تھے اور دوسری طرف بوکھلاہٹ کا یہ عالم تھاکہ (ن) لیگ کے تمام درباریوں نے وقفے وقفے سے پریس کانفرنسیں کر ڈالیں ۔

(جاری ہے)

تحریک انصاف نے عوام کی طاقت سے حکمرانوں کے کرپشن کے قلعے میں دڑاڑ ڈال دی ہے اور انشا اللہ عید کے بعد اگر عمران خان نے رائیونڈ کا رخ کیا تو یہ قلعہ خود بخود زمین بوس ہو جائے گا ۔

جمشید اقبال چیمہ نے کہا کہ تحریک انصاف کی ریلی کے حوالے سے خود حکومتی وزراء کے بیانات میں تضاد ہے ۔ (ن) لیگ کے صوبائی وزیر رانا ثنا اللہ نے اپنی پریس کانفرنس میں کہا کہ عوام نے احتساب مارچ کو مسترد کر دیا اور صوبائی دارالحکومت میں کاروبار کھلا رہا جبکہ رانا ثنا اللہ کے ہمراہ ایک دوسری جگہ پر پریس کانفرنس کرنے والے وزیر اطلاعات پرویز رشید دعویٰ کر رہے ہیں کہ لاہور میں چار ارب کا نقصان ہوا ۔

دونوں رہنما پریس کانفرنس سے پہلے مشاوت کر لیتے تو انہیں سبکی کا سامنا نہ کرنا پڑتا ۔ جمشید اقبال چیمہ نے کہا کہ کارکن رائے ونڈ کا رخ کرنے کیلئے تیار ہیں اورعمران خان کی کال ملتے ہی سفر کا آغاز کر دیں گے ۔شریف خاندان کے پاس اب بھی وقت ہے کہ چار سوالات کے جوابات دیدیں وگرنہ رائے ونڈ مارچ کا فیصلہ اٹل ہے اور اس میں کوئی تبدیلی نہیں ہو سکتی۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات