سانحہ اے پی ایس وزیر اعظم سے ملاقات نہ کر انے پر بچوں کے والدین کی احتجاج کی دھمکی

بچوں کے والدین یکم ستمبر کو وزیراعظم سے ملاقات کر ناچاہتے تھے مایوس لوٹنا پڑا تھا اجون خان ایڈووکیٹ

اتوار 4 ستمبر 2016 14:00

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 4 ستمبر - 2016ء) آرمی پبلک اسکول حملے میں جاں بحق ہونے والے بچوں کے والدین نے دھمکی دی ہے کہ اگر ان کی وزیر اعظم نواز شریف سے ملاقات نہ کرائی گئی تو وہ وزیر اعظم ہاوٴس یا ڈی چوک پر دھرنا دیں گے۔آرمی پبلک اسکول(اے پی ایس) حملے میں شہید کئے جانے والے ایک بچے کے والد اجون خان ایڈووکیٹ نے بتایا کہ وہ دیگر والدین کے ساتھ ایک بار پھر اسلام آباد جانے کا ارادہ رکھتے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ اس سے قبل بچوں کے والدین یکم ستمبر کو اسلام آباد گئے تھے اور وزیر اعظم نواز شریف سے ملاقات کرنا چاہتے تھے لیکن انہیں مایوس لوٹنا پڑا تھا حکام نے وعدہ کیا تھا کہ وہ جلد ان کی وزیر اعظم سے ملاقات کا بندوبست کریں گے اور اگر ایسا نہ ہوا تو وہ بھی احتجاج کا راستہ اپنائیں گے۔

(جاری ہے)

اجون خان نے بتایا کہ یکم ستمبر کو اے پی ایس طالب علموں کے لواحقین پر مشتمل 60 افراد اسلام آباد پہنچے جن میں خواتین و بچے بھی شامل تھے تاہم ہمیں ضلعی انتظامیہ کی جانب سے ریڈ زون کے قریب ایک ہوٹل کے پاس روک لیا گیا۔

انہوں نے بتایا کہ ضلعی انتظامیہ نے ہمیں یقین دہانی کرائی کہ جلد ان کی وزیر اعظم سے ملاقات کا انتظام کردیا جائیگا انہوں ہمیں واپس جانے بھی نہیں دیا، جب شام ہوگئی تو انہوں نے ہمیں کہا کہ نیشنل پریس کلب کے سامنے ایک کیمپ خالی ہے آپ لوگ وہاں بیٹھ جائیں اور کل تک آپ کی ملاقات کرادی جائیگی۔انہوں نے بتایا کہ ہم نے کیمپ میں بیٹھنے سے انکار کردیا اور کہا کہ ہم وزیر اعظم ہاوٴس کے سامنے کھڑے رہنے کو ترجیح دیں گے ہمارے ساتھ موجود ایک شخص نے کہا کہ وہ وزیر اعظم ہاوٴس کے سامنے خود سوزی کرلے گا تاہم ہمیں زیرو پوائنٹ کے پاس پھر روک لیا گیا۔

ان کا کہنا تھا کہ بالآخر وزیر برائے کیپیٹل ایڈمنسٹریشن اینڈ ڈویلپمنٹ ڈویڑن (سی اے ڈی ڈی) طارق فضل چوہدری نے والدین کو یقین دہانی کرائی کہ وہ ایک ہفتے کے اندر ان کی وزیر اعظم سے ملاقات کرادیں گے۔انہوں نے کہا کہ ہم چند دن اور انتظار کریں گے اور اس کے بعد جمعرات کے روز پھر اسلام آباد جائیں گے اور وزیر اعظم ہاوٴس اور ڈی چوک پر دھرنا دیں گے۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ اے پی ایس حملے کے ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کرنے کے بجائے حکومت نے اسلام آباد زون 4 کے ایک اسکول کا نام ان کے بیٹے اسفند خان سے منسوب کردیا۔اخون خان نے کہا کہ ہم کسی معاوضے کے طلبگار نہیں کیوں کہ ایسا کرنا اپنے بچوں کے خون کا سودا کرنے کے مترادف ہوگا۔ہمیں انصاف چاہیے