سکیورٹی کا خطرہ ٗ سڑکوں پر کھڑے کئے گئے کنٹینرز کے باعث راولپنڈی میں شدید ٹریفک جام ٗشہری پریشان ٗ مریضہ دم توڑ گئی

لاہور میں ایمبو لینس ٹریفک میں پھنس گئی ٗ مریض بچہ ہسپتال نہ جا سکا ٗ راستے میں ہی دم توڑ دیا بچے کے والد کی جانب سے پولیس اہلکاروں سے بارہا ہاتھ جوڑ جوڑ کر راستہ دئیے جانے کی درخواست کی گئی وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے رپورٹ طلب کرلی

ہفتہ 3 ستمبر 2016 22:48

راولپنڈی/لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔3 ستمبر ۔2016ء) تحریک انصاف کی احتساب ریلی اور راولپنڈی میں عوامی تحریک کی قصاص اور سالمیت پاکستان مارچ کے دور ان سکیورٹی کے خطرے کے پیش نظر حکومت کی جانب سے سڑکوں پر کھڑے کئے گئے کنٹینرز کے باعث راولپنڈی میں شدید ٹریفک جام ہو گیا جس کے باعث لوگوں کو شدید مشکلات کا سامنا کر نا پڑا ٗ وقت پر طبی سہولیات نہ ملنے سے خاتون دم توڑ گئی اطلاعات کے مطابق حکومت نے راولپنڈی میں عوامی تحریک کی قصاص اور سالمیت پاکستان مارچ کے باعث سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر مری روڈ کو کنٹینر لگا کر ہر قسم کی ٹریفک کیلئے بند کردیا ٗ مری روڈ سے ملحقہ علاقوں میں کاروباری مراکز بھی بند کرا دیئے گئے ہیں۔

راولپنڈی میں جگہ جگہ کنٹینر لگے ہونے کے باعث صادق آباد، مری روڈ، کچہری چوک، کشمیر ہائی وے، سکس روڈ اور سیٹلائٹ ٹاؤن میں شدید ٹریفک جام ہے، متعدد ایمبولنسیں بھی ٹریفک میں پھنس گئی ہیں ٗ ایک خاتون وقت پر طبی امداد نہ ملنے کے باعث ایمبو لنس میں ہی دم توڑ گئی۔

(جاری ہے)

اس کے علاوہ اسکول جانے والے بچوں کو گھر واپس جانے میں بھی شدید دشواری کا سامنا کر نا پڑا۔

لاہور میں بھی شاہدرہ چوک کے قریب ایک بچے کو ہسپتال لے کر جانے والی ایمبولنس کنٹینر کھڑے ہونے کے باعث شدید ٹریفک جام میں پھنس گئی، پولیس اہلکاروں کی جانب سے ایمبولنس کو آگے جانے کی اجازت نہ ملنے پر مریض بچہ ایمبولنس میں ہی دم توڑ گیا۔ بچے کے والد کی جانب سے پولیس اہلکاروں سے بارہا ہاتھ جوڑ جوڑ کر راستہ دئیے جانے کی درخواست کی گئی تاہم کسی نے ایک نہ سنی جس کے باعث بچہ ایمبولنس میں ہی دم توڑ گیا۔وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے رپورٹ طلب کرلی ہے