وزیر اعظم اور وفاقی کابینہ اسٹیل ملز کے ملازمین کے مسائل کے فوری حل کے لئے ہنگامی اقدامات کریں ، رضاہارون، وسیم آفتاب

عید الاضحی سے قبل چھ ماہ سے رکی تنخواہوں کی ادائیگی کا انتظام کیا جائے ،انصاف ورکرزاتحاد اسٹیل ملز کے وفد کی پاک سر زمین پارٹی کے رہنماؤں سے ملاقات

ہفتہ 3 ستمبر 2016 22:19

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔3 ستمبر ۔2016ء) انصاف ورکرز اتحاد اسٹیل ملز کے وفد کی عبد الرسول بلالی کی قیادت میں پاک سرز مین پارٹی کے سیکریٹری جنرل رضا ہارون اور وائس چیئر مین وسیم آفتاب سے پاکستان ہاؤس میں ملاقات ۔وفد میں سرور نیازی ، جواد سیٹھا ، شیراز جٹ ، یٰسین جامڑو دیگر شامل تھے۔وفد نے رضاہارون اور وسیم آفتاب کو اسٹیل ملز کے ورکرز کے مسائل اور اسٹیل ملز کی زبوں حالی سے آگاہ کیا ، وفد نے بتایا کہ تمام ورکرز3 اگست سے اپنے مطالبات کے حق میں مظاہرہ کر رہے ہیں اور بھوک ہڑتال پہ بیٹھے ہوئے ہیں لیکن وفاقی حکومت اور متعلقہ وزیر کی جانب سے کوئی توجہ نہیں دی جارہی اور نہ ہی کو ئی رابطہ کیا گیا ،وفد نے حکومت سے پاکستان اسٹیل ملز کی بحالی کا مطالبہ کرتے ہوئے کرپٹ افسران و عہدیدان کو احتساب ، تمام وفات پا جانے والے ریٹائرڈ ورکرزکے واجبات کی ادائیگی ، پرویڈنٹ فنڈاور مالی مراعات کی ادائیگی ، پاکستان اسٹیل ہسپتال اور تمام پینلز کی بحالی کا مطالبہ کیا، اس موقع پررضا ہارون نے کہا کہ پاکستان اسٹیل ملز انتہائی، منافع بخش ادارہ تھا لیکن گزشتہ دہائی میں اس ادارے کو سیاسی اقربا ء پروری کا نشانہ بنا کر تباہ برباد کردیا گیا ، انہوں نے کہا کہ سابقہ اور موجود حکومتوں نے اسٹیل ملز کے ادارے اور اس کے ملازمین کی فلاح و بہبود کے لئے کوئی قابل ذکر اقدامات نہیں کیے جس کے نتیجہ میں آج اس ادارے کے ملازمین معاشی بدحالی کا شکار ہیں ۔

(جاری ہے)

اسٹیل ملز میں ہزاروں ملازمین اور ان کے خاندانوں میں بے یقینی کی کیفیت ہے لیکن انتہائی افسوس کی بات ہے بھوک ہڑتال اور پر امن دھرنوں کے باوجود وفاقی حکومت ان کے مسائل حل کرنے میں سنجیدہ نہیں۔ انہوں وزیر اعظم پاکستان اور وفاقی کابینہ سے اپیل کی کہ وہ ان مسائل کے فوری حل کے لئے اقدامات کرے اور عید الا اضحی سے قبل چھ ماہ کی رکی ہوئی تنخواہ کی ادائیگی کا انتظام کرے۔

متعلقہ عنوان :