احتجاج سے توجہ ہٹانے کیلئے حکمرانوں نے پشاور اور مردان میں دہشتگردی کروائی،جب اقتدار کی کشتی ڈوبتی ہے تو حکمران آقاؤں کو پکارتے ہیں

عوامی تحریک کے سربراہ علامہ ڈاکٹر طاہر القادری کی راولپنڈی میں میڈیا سے گفتگو

ہفتہ 3 ستمبر 2016 21:57

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔3 ستمبر ۔2016ء) پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ علامہ ڈاکٹر طاہر القادری نے حکومت پر الزام عائد کیا ہے کہ احتجاج سے توجہ ہٹانے کے لئے حکمرانوں نے پشاور اور مردان میں دہشتگردی کروائی اور لائن آف کنٹرول پر بھی انہوں نے ہی فائرنگ کرائی ، جب اقتدار کی کشتی ڈوبتی ہے تو حکمران آقاؤں کو پکارتے ہیں ۔

وہ ہفتہ کو راولپنڈی میں احتجاجی ریلی کی قیادت کے لئے اسلام آباد ٹول پلازہ پہنچ کر میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے ۔

(جاری ہے)

ان کے کارکنوں نے ہاتھوں کو زنجیر بنا کر ان کا والہانہ استقبال کیا۔ اس موقع پر طاہر القادری نے حکومت پر الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ پشاور اور مردان کے حملے حکومت نے کروائے تاکہ ہمارے احتجاج کو ناکام بنا سکیں ۔ ملک دشمن قوتیں ان کا اقتدار بچانے کی جنگ لڑ رہے ہیں ۔طاہر القادری نے کہا کہ اگر حکمرانوں کا اقتدار باقی رہا تو ملک نہیں رہے گا ، یہ حکمران سوا پانچ ارب روپے کی ہر روز کرنسی چھاپ رہے ہیں ، پورے ملک کو قرضے تلے دبایا جا رہا ہے ۔ سارا خزانہ لوٹ کر آف شور کمپنیاں اور اپنی جائیدادیں بنا دیں۔