Live Updates

پاکستان کو دہشت گردی کے عفریت سے نجات دلانے کیلئے پوری قوم یکسو ہے، پاکستان میں تحمل،برداشت اورمیانہ روی پر مبنی معاشرے کی تشکیل ہمارا مشن ہے

وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کی لاہور میں تعینات نئے امریکی قونصل جنرل یوری فیڈ کیو سے ملاقات میں گفتگو فلاح عامہ کے منصوبوں میں معیار اوررفتار آپ کا خاصہ ہے،امریکی قونصل جنرل

ہفتہ 3 ستمبر 2016 21:53

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔3 ستمبر ۔2016ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف سے ہفتہ کو لاہور میں تعینات نئے امریکی قونصل جنرل یوری فیڈ کیو نے کی ملاقات کی ۔وزیراعلیٰ نے ذمہ داریاں سنبھالنے پر یوری فیڈ کیوکو مبارکباد دی اور ان کے لئے نیک خواہشات کا اظہارکیا۔ وزیر اعلیٰ نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہپاکستان کو قائداعظم محمد علی جناحؒ کے وژن کے مطابق فلاحی ریاست بنانے کیلئے پرعزم ہیں۔

قائداعظمؒ کے پاکستان میں اقلیتوں سمیت تمام شہریوں کو برابر کے حقوق حاصل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو دہشت گردی کے عفریت سے نجات دلانے کیلئے پوری قوم یکسو ہے۔پاکستان میں تحمل، برداشت اورمیانہ روی پر مبنی معاشرے کی تشکیل ہمارا مشن ہے ۔دہشت گردی کیخلاف جنگ میں پاکستان کی مسلح افواج اور عوام کی قربانیاں بے مثال ہیں۔

(جاری ہے)

بہادر پاک فوج نہایت مشکل حالات کے باوجود دہشت گردوں کے خلاف آپریشن کامیابی سے جاری رکھے ہوئے ہے۔

پاکستان کے عوام نے دہشت گردی کیخلاف جنگ میں لازوال قربانیاں دی ہیں اور دہشت گرد پوری انسانیت کے کھلے دشمن ہیں۔ بڑی طاقتوں کو دہشت گردی کے شکار ممالک کے مسائل کو سمجھنا چاہیے۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ پاکستان اورامریکہ کی دوستی کثیرالجہتی تعلقات پرمبنی ہے۔ توقع ہے کہ آنیوالے دنوں میں پاک امریکہ تعلقات کو مزید فروغ حاصل ہوگااوران میں مزید بہتری آئے گی۔

امریکی قونصل جنرل ری فیڈ کیو نے وزیراعلیٰ شہبازشریف سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ پاکستان کے ساتھ اپنے تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے۔انہوں نے کہا کہ میں نے آپ کے کام کی بہت تعریف سن رکھی ہے اوربلاشبہ آپ کے بارے جو سن رکھا تھا اس کا عملی مشاہدہ بھی کرلیا ہے ۔فلاح عامہ کے منصوبوں میں معیار اوررفتار آپ کا خاصہ ہے۔

Live وزیراعظم شہباز شریف سے متعلق تازہ ترین معلومات