پنجاب بھر کے جوڈیشل افسروں ،سینئر افسروں کو باہمی روابط کیلئے مفت موبائل فون کی سہولت فراہم کرنے کا فیصلہ

فیملی اور لاہور ہائیکورٹ کے نمبرز پر بھی مفت کال کرنے کی سہولت دستیاب ہو گی، نجی کمپنی کی خدمات بھی حاصل کر لی گئیں

ہفتہ 3 ستمبر 2016 20:51

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔3 ستمبر ۔2016ء) پنجاب بھر کے جوڈیشل افسروں اور عدالتی نظام سے منسلک سینئر افسروں کو باہمی روابط کے لئے مفت موبائل فون کی سہولت فراہم کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا ،فیملی اور لاہور ہائیکورٹ کے نمبرز پر بھی مفت کال کرنے کی سہولت دستیاب ہو گی۔ تفصیلات کے مطابق چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس سید منصور علی شاہ پنجاب کی جوڈیشری کوفعال کرنے کے لیے عملی اقدمات جاری رکھے ہوئے ہیں۔

چیف جسٹس کی منظوری سے رجسٹرار لاہور ہائیکورٹ کی جانب سے پنجاب کے تمام ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن ججوں اور افسران کو بھجوائے گئے مراسلے میں کہا گیا ہے کہ کال پیکجز کے تحت لائنز رینٹ کی مد میں بیس سے پچیس فیصد رعایت ہوگی جبکہ فیملی اور لاہور ہائیکورٹ کے نمبرز پر مفت کال کرنے کی سہولت دستیاب ہوگی۔

(جاری ہے)

جوڈیشل افسران اور ہائیکورٹ کے ملازمین چاہیں تو اس سہولت سے استفادہ کر سکتے ہیں۔

اس کے لئے نجی کمپنی کی خدمات بھی حاصل کر لی گئی ہیں۔مراسلے میں مزید کہا گیا ہے کہ موبائل سم بھی ہائیکورٹ مفت فراہم کرے گی اور موبائل نمبرز حاصل کرنے کے لئے اس کی سکیورٹی اور ماہانہ بل کی رقم صارف خود ادا کرے گا۔مراسلے میں ججز اور افسران کو ہدایت کی گئی ہے کہ جو بھی اس سہولت کو حاصل کرنا چاہتا ہے جلد از جلد اپنے مطلوبہ پیکجز کا تعین کر کے عدالت عالیہ کو مطلع کرے۔

ان پیکجز کے تحت صارفین کو ماہانہ کسی بھی نیٹ ورک پر پانچ سو مفت ایس ایم ایس کی سہولت دی گئی ہے، کال پیکج پلان کے تحت سو سے چار سو تک مفت وارد اور دوسرے نیٹ ورک پر منٹ بھی مہیا کئے جائیں گے۔اگر کوئی عدالت عالیہ کا ملازم کسی بھی نیٹ ورک پر مفت ایس ایم ایس کی سہولت حاصل کرنا چاہے گا اسے اس مد میں پانچ سو روپے ماہانہ ادا کرنا ہوں گے۔صارفین ہفتہ کے روز پینتالیس پیسے فی منٹ کے حساب سے اپنے نیٹ ورک پر کال کر سکیں گے جبکہ دیگر ایام میں انہیں پینسٹھ پیسے فی منٹ کے حساب سے ادا کرنا ہوں گے۔دوسرے نیٹ ورک پر کال پیکجز کے مطابق صارفین کو پچہتر پیسے فی منٹ کے حساب سے ادا کرنا پڑیں گے۔