کسان فصلوں کی پیدوار میں اضافہ کیلئے جدید ٹیکنالوجی کو اپنائیں‘ڈاکٹر فرخ جاوید

پاکستان کے معاشی مستقبل کا انحصار شعبہ زراعت کی ترقی خصوصاً کپاس کی فصل سے وابستہ ہے‘کاشتکاروں سے گفتگو

ہفتہ 3 ستمبر 2016 20:28

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔3 ستمبر ۔2016ء ) صوبائی وزیر زراعت ڈاکٹر فرخ جاوید نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے صوبہ میں زراعت کی بہتری اور کاشتکار وں کی خوشحالی کے لیے 100ارب روپے کے کسان پیکج کا اعلان کیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ اس پیکج کے ثمرات حقیقی معنوں میں کاشتکاروں تک پہنچائے جائیں گے۔ وزیر زراعت نے کہا کہ ہمارا کاشتکار خوشحال ہوگا تو ملک بھی ترقی کی راہ پر گامزن ہوگا ۔

انہوں نے ان خیالات کا اظہارضلع خانیوال میں مختلف مقامات پر کپاس کی فصل کا معائنہ کرتے ہوئے کیا۔ ڈاکٹر فرخ جاوید نے موضع شام کوٹ میں میاں اعجاز احمد ،موضع عنائت پور میں محمد زاہد کمبوہ اوراڈا خالق آباد میں خادم حسین بنگش کے زرعی فارمز پر کپاس کی فصل کا معائنہ کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پرای ڈی او زراعت رانا احمد منیر ،ڈی او زراعت توسیع میاں منظور بھی ان کے ہمراہ تھے۔

صوبائی وزیر نے اس موقع پر کاشتکار وں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے معاشی مستقبل کا انحصار شعبہ زراعت کی ترقی خصوصاً کپاس کی فصل سے وابستہ ہے۔ کسان فصلوں کی پیدوار میں اضافہ کے لیے جدید ٹیکنالوجی کو اپنائیں۔ حکومت پنجاب اس سلسلے میں لینڈ لیزر لیولرز ،روٹا ویٹرز سمیت دیگر جدیدزرعی آلات سبسڈی پر فراہم کررہی تاکہ فصلوں کی پیدوار میں خاطر خواہ اضافہ ہو سکے۔

انہوں نے محکمہ زراعت کے افسران کو ہدایت کی کہ وہ شعبہ زراعت کی ترقی اور کسانو ں کی خوشحالی کے لیے اپنی تمام ترصلاحتیں وقف کر دیں۔اس موقع پر موجود کاشتکاروں نے 100ارب روپے کا کسان پیکج دینے پر وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کا شکر یہ ادا کیا اور کہا حکومت پنجاب حقیقی معنوں میں زراعت کی ترقی کے لیے کام کررہی ہے۔ صوبائی وزیر نے کاشتکاروں سے گفتگو میں بتایا کہ صوبہ بھر میں غیر معیاری اور جعلی زرعی ادویات فروخت کرنے والوں کے گرد گھیر ا تنگ کردیا گیا ہے۔

متعلقہ عنوان :