ایف بی آر نے پاناما پیپرز میں نام آنے والے 350 پاکستانی افراد کو نوٹس جاری کردیئے

ہفتہ 3 ستمبر 2016 20:00

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔3 ستمبر ۔2016ء) فیڈرل بورڈ آف ریونیو( ایف بی آر) نے پاناما پیپرز میں نام آنے والے 350 پاکستانی افراد کو نوٹس جاری کردیئے ہیں،نوٹس میں ذرائع آمدنی سمیت اہم معلومات طلب کی گئی ہیں۔تفصیلات کے مطابق 350 افراد کو نوٹس بھیجے گئے ہیں جن میں ان افراد سے ذرائع آمدنی سمیت ان کی زیر کفالت افراد کی فہرست بھی مانگی ہے۔

اس بارے میں ذرائع کا کہنا تھا کہ شریف خاندان کے افراد حسن نواز شریف، حسین نواز شریف، مریم نواز شریف،کیپٹن صفدر اور اسحاق ڈار کو بھی نوٹس جاری کیے جائیں گے۔

(جاری ہے)

ایف بی آر ترجمان کے مطابق وزیراعظم کے خاندان سمیت تمام افراد کو خطوں لکھے گئے ہیں، یہ خطوط کافی دن پہلے لکھے گئے ہیں کیونکہ ہفتے کو چھٹی کی وجہ سے دفاتر بند تھے جو افراد رہ گئے ہیں انہیں بھی جلد خط لکھ دیئے جائیں گے۔

تا ہم ایف بی آر ترجمان نے موقف اختیار کیا ہے کہ ان افردا کو نوٹس نہیں دیئے گئے بلکہ خط کر تفصیلات طلب کی ہیں۔واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان اپنے خطابات میں مسلسل اس بات پر زور دیتے رہے ہیں کہ ایف بی آر پاناما پیپرز میں شامل افراد کو نوٹس جاری کرے اور ان کے خلاف تحقیقات کرے۔