کوٹہ سسٹم ناسور ہے ، ختم کرکے میرٹ کی پاسداری کی جائے، الطاف شکور

ہفتہ 3 ستمبر 2016 19:34

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔3 ستمبر ۔2016ء)پاسبا ن پاکستان کے صدر الطاف شکور نے کہا ہے کہ کوٹہ سسٹم ناسور بن چکا ہے ۔ اس سے میرٹ کا قتل عام ہوا اور اس تعفن سے اٹھنے والی بو نے نفرتوں کے الاؤ ہر طرف بھڑکا دیئے ۔ کوٹہ سسٹم ختم کرکے ہر شعبہ میں میرٹ کی پاسداری اور ینگ ٹیلنٹ کی حوصلہ افزائی کرکے قائد اعظم ؒ اور علامہ اقبال ؒ کے وژن کو عام کیا جائے تاکہ باصلاحیت نوجوانوں میں احساس محرومی ختم ہوسکے اور کراچی شہر ایک مرتبہ پھر روشنیوں کا شہر بن کر اقوام عالم کے ہم پلہ آسکے ۔

پاسبان پریس انفارمیشن سیل سے جاری کردہ بیان میں الطاف شکور نے کہا کہ کوٹہ سسٹم کے نتیجے میں میرٹ کو بری طرح پامال کردیا گیا ۔ صحت ، تعلیم ، انصاف و قانون جیسے شعبوں میں سفارشی کلچر وجود میں آیا جس نے حب الوطنی اور ٹیلنٹ کا جنازہ نکال دیاجس کے نتیجے میں جھوٹے اور جعلی ڈومیسائل ، جعلی ڈگریوں اور نقل مافیا بازار گرم ہوگیا ۔

(جاری ہے)

کوٹہ سسٹم ایسا ناسور ہے جس میں شہری اور دیہی نوجوانوں کے درمیان میں نفرت پیدا کی اور کراچی ، حیدر آباد ، میر پور خاص، سکھر اور نواب شاہ کے نوجوانوں کو قومی دائرے سے کاٹ کر رکھ دیا ۔

نوجوان نسل میں خوفناک دوریاں پیدا ہوگئی اور اسی نفرت نے بے لگام ہوکر احساس محرومی کو جنم دیا ۔ جس کی تباہ کاریوں سے قوم آج تک نہیں نکل سکی ۔ الطاف شکور نے کہا کہ بیورو کریسی اور اسٹیبلشمنٹ کاکوٹہ سسٹم کے خاتمہ کے لئے ہوش میں آجانا خوش آئند ہے ۔ کالاباغ ڈیم ، کوٹہ سسٹم اور کراچی صوبہ جیسے ایشوز انتہائی اہم ہیں ۔ ان ایشوز پر محض سیاست چمکانے کے بجائے عوام کے حقوق اور مفادات کا حقیقی معنوں میں تحفظ کیا جانا وقت کا تقاضا ہے۔