نشتر پارک کا جلسہ شہر قائد کی رونقیں لوٹانے کیلئے ہے‘لاہور میں تحریک احتساب ریلی کو روکنے کیلئے حکومت نے سرکاری مشینری کو استعمال کیا‘تحریک انصاف غریب اور پسے ہوئے طبقات کے حقوق کی جنگ لڑ رہی ہے‘ تحریک انصاف کے پاس اس وقت محنتی اورعوام کا دکھ درد محسوس کرنے والے لوگ ہیں

پاکستان تحریک انصاف کے رہنما حلیم عادل شیخ کی بات چیت

ہفتہ 3 ستمبر 2016 19:31

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔3 ستمبر ۔2016ء) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما حلیم عادل شیخ نے کہاہے اﷲ نے اگر موقع دیا تو تحریک انصاف کی حکومت اپنی عوام کوتمام تر بنیادی سہولیات فراہم کریگی ،نشتر پارک کا جلسہ شہر قائد کی رونقیں لوٹانے کے لیے ہے،لاہور میں تحریک انصاف کی ریلی کو روکنے کے لیے حکومت نے جان بوجھ کر عوام کو مشکلات میں ڈالا جبکہ تحریک انصاف کا ٹارگٹ کرپٹ حکمرانوں کو گھر بھیجنا ہے ناکہ عوام کو مصیبت میں ڈالنا ،جس کا فائدہ پنجاب حکومت نے اٹھاتے ہوئے سرکاری مشینری کے ذریعے عوام کو پریشان کرکے اٹھایا ہے ،مگر ہم نے فیصلہ کرلیاہے کہ جس نے عوام کی جان ومال کو نقصان پہنچایا ان سب کا احتساب کیا جائے گا تاکہ آئندہ کوئی بھی ملک دشمن پاکستان اور اس کی عوام کی جانب میلی نگاہ نہ ڈال سکے ، عادل ہاوس سے جاری بیان میں حلیم عادل شیخ کا کہنا تھا کہ ہمارا جلسہ شہر قائد کی عوام کو اندھیروں اور ٹارگٹ کلنگ کرنے والوں کے خلاف ہے ،عوام دیکھے گی کہ نشترپارک کا جلسہ مظلوم اور بے سہارا عوام کی آواز ثابت ہوگا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کراچی میں امن وامان کا قیام اور خوف کی فضا کو ختم کرنے میں تحریک انصاف کا کردار تاریخ کا حصہ بن چکاہے ،ہم آئندہ بھی شہر قائد کے لوگوں کی رہنمائی کے مطابق ان کے مسائل حل کرینگے تاکہ گزشتہ تیس سالوں سے ان کو جو زخم ملیں ہیں ان کا ازالہ کیا جاسکے ،انہوں نے کہاکہ تحریک انصاف کے پاس اس وقت محنتی اورعوام کا دکھ درد محسوس کرنے والے لوگ ہیں جو ہر حال میں عوام کی خدمت پر یقین رکھتے ہیں ،تحریک انصاف غریب اور پسے ہوئے طبقات کے حقوق کی جنگ لڑ رہی ہے ،جس کو موجودہ حکومت نے مسلسل نظر انداز کررکھاہے ،جو حکمران عوام کو مسلسل نظر انداز کررہے ہیں وہ کبھی اس ملک کے خیر خواہ نہیں ہوسکتے ۔

انہوں نے مزید کہاکہ وزیراعظم اور اس کی جماعت قوم کے مستقبل کے دشمن ہیں ان لوگوں کی ملک میں موجوگی میں قوم کو کسی بھی دوسرے دشمن کی ضرورت نہیں ہے کیونکہ یہ ہی وہ لوگ ہیں جنھوں نے عوام کو اپنے ہر دور میں معاشی دہشت گردی سے ہلاک کیا۔