کراچی میں ایم کیو ایم کے دفاتر گرانے کا سلسلہ جاری،مزید 4یونٹ آفس مسمار کردیئے گئے

شہر بھر میں ایم کیو ایم کے گرائے جانے والے دفتروں کی تعداد 69ہوگئی،سب سے زیادہ دفاتر ضلع کورنگی میں مسمار کیے گئے

ہفتہ 3 ستمبر 2016 18:33

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔3 ستمبر ۔2016ء) کراچی میں ایم کیو ایم کے دفاتر گرانے کا سلسلہ جاری ہے ۔ہفتہ کو ، مزید 4 یونٹ آفس مسمار کردیئے گئے ہیں ،اس طرح شہر بھر میں ایم کیو ایم کے گرائے جانے والے دفتروں کی تعداد 69ہوگئی ہے ۔ایم کیو ایم کے سب سے زیادہ دفاترضلع کورنگی میں مسمار کیے گئے ہیں ۔ تفصیلات کے مطابق کے ڈی اے کی انسداد تجاوزات ٹیم نے جمعرات کو عزیز آباد میں سرکاری اور رفاہی زمین پر قائم کئے گئے ایم کیو ایم کے غیر قانونی دفاتر کے خلاف کارروائی کی اس دوران چار یونٹ آفسز کو مسمار کیا گیا۔

گرائے گئے دفاتر میں153 اے اور بی، 154 اور155 شامل ہیں، اس موقع پر پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری موقع پر موجود تھی ۔اس تازہ کارروائی کے بعد شہر بھر میں ایم کیو ایم کے گرائے جانے والے دفتروں کی تعداد 69ہوگئی ہے جبکہ سیل کیے گئے دفاتر کی تعداد 232ہے ۔

(جاری ہے)

ضلع شرقی میں 12،ملیر میں 7،کورنگی میں 26،سٹی ایریا میں 2،جنوبی میں 3،غربی میں 4جبکہ ضلع وسطی میں 15دفاتر مسمار کیے گئے ہیں ۔

جبکہ ضلع شرقی میں 48،ملیر میں 11،کورنگی میں 38،سٹی میں 12،جنوبی میں 12،غربی میں 42اور ضلع وسطی میں 69دفاتر کو سیل کیا گیا ہے ۔واضح رہے کہ ایم کیو ایم کے دفاتر کو گرانے اور سیل کیے جانے کا سلسلہ 22اگست کو ایم کیو ایم کے بانی کی پاکستان مخالف تقریر اور نعروں کے بعد شروع ہواتھا اور اب تک ایم کیو ایم کے سیل اور گرائے جانے والے دفاتر کی مجموعی تعداد 301ہوگئی ہے ۔وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے اس ضمن میں واضح ہدایت جاری کی ہیں کہ سرکاری زمینوں پر قائم سیاسی جماعتوں کے تمام دفاتر کا خاتمہ کیا جائے ۔