ہم ایک مضبوط اور متحد قوم ہیں دشمن کے عزائم سمجھتے ہیں اور دشمن کے عزائم خاک میں ملانا بھی جانتے ہیں،پرویزخٹک

ہماری فورسز ان کے خلاف بر سر پیکار ہیں۔ ہم اور ہماری عوام کو فورسز کی مکمل حمایت حاصل ہے اور دشمن کو ملیا میٹ کرکے دم لیں گے،وزیراعلی پرویزخٹک

ہفتہ 3 ستمبر 2016 18:14

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔3 ستمبر ۔2016ء)وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک نے گورنر ہاؤس میں ایپکس کمیٹی کے اجلاس کے فوراً بعد کرسچین کالونی ورسک کا دورہ کیا جہا ں کل چار مسلح دہشتگرد و ں نے حملہ کیا تھا اور جس میں ایک سویلین آدمی اور ایک اہلکار دہشتگردی کا نشانہ بنے تھے۔ وزیر اعلیٰ نے موقع کا معائنہ کیا اس کے بعد وہ دہشتگردی کا شکار ہونے والوں کے پسماندگان اور لواحقین سے ملنے گئے ۔

وزیر اعلیٰ انکے ساتھ کچھ دیر رہے اور ان کے ساتھ تعزیت کی اور ہمدردی کا اظہار کیا۔ انہوں نے پسماندگان کو یقین دلایا کہ حکومت انکی ہر ممکن مدد کرے گی مشکل کی اس گھڑی میں وہ اپنے آپ کو تنہامت سمجھیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں متعدد چیلنجز کا سامنا ہے اور ہم متواتر قربانیاں دیتے آ رہے ہیں۔

(جاری ہے)

ہم ڈرنے والی قوم نہیں ہم نے بے تحاشہ سانحات دیکھے ہیں اور ہر سانحے کے بعد ہم مضبوط سے مضبوط تر ہوئے ہیں ۔

ہم ایک مضبوط اور متحد قوم ہیں دشمن کے عزائم سمجھتے ہیں اور دشمن کے عزائم خاک میں ملانا بھی جانتے ہیں دشمن ہماری ہمت اور مورال کو ڈاؤن نہیں کر سکتا۔ دشمن ہماری قوت اور قوم کی ہمت کو سمجھنے میں غلطی کر رہا ہے ہماری فورسز ان کے خلاف بر سر پیکار ہیں۔ ہم اور ہماری عوام کو فورسز کی مکمل حمایت حاصل ہے اور دشمن کو ملیا میٹ کرکے دم لیں گے۔

انہوں نے غمزدہ خاندان ، پسمانداگان اور لواحقین سے کہا کہ حکومت اور سیکیورٹی فورسز مزید قوت کے ساتھ دہشتگردوں کاپیچھا کرے گی اور ان کے عزائم کو خاک میں ملا دے گی۔انہوں نے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ اپنی صفوں پر نظر رکھیں اور دشمن کو اپنے گناؤنے عزائم کی تکمیل کے لئے موقع فراہم نہ کرنے دیں۔ قوم اٹھ کھڑی ہو اپنی صفوں میں اتحاد قائم کریں اور دشمن کو بتائیں کہ ہم ایک متحد قوم ہیں اور دہشتگردی کے خلاف ہمارا عزم بلند ہے۔