کراچی ،سینٹرل جیل میں متحدہ اور پی ایس پی کارکنوں میں تصادم ،4زخمی ،اسپتال منتقل

تصادم قیدیوں کی رشتے داروں سے ملاقات کے دوران ہوا،ہنگامہ آرائی میں ملوث 8 ملزمان کو بند وارڈ منتقل کردیا گیا

ہفتہ 3 ستمبر 2016 17:56

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔3 ستمبر ۔2016ء) سینٹرل جیل کراچی میں متحدہ قومی موومنٹ اور پاک سرزمین پارٹی کے کارکنوں کے درمیان تصادم کے نتیجے میں دونوں جماعتوں کے 4 کارکن زخمی ہوگئے ہیں ۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق کراچی سینٹرل جیل میں قید متحدہ قومی موومنٹ اور پاک سرزمین پارٹی کے کارکنوں کے درمیان چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس انور ظہیر جمالی سمیت اعلی عدلیہ فاضل جج صاحبان کے دورے کے کچھ دیر بعد تصادم ہوگیا۔

تصادم قیدیوں کی رشتے داروں سے ملاقات کے دوران ہوا۔تصادم کے دوران دونوں جماعتوں کے 4 کارکن زخمی ہوئے جنہیں اسپتال منتقل کردیا گیا۔ رینجرز نے موقع پر پہنچ کرصورتحال کو قابو کرلیا جب کہ تصادم میں ملوث 8 ملزمان کو بند وارڈ منتقل کردیا گیا۔واضح رہے کہ کراچی سینٹرل جیل میں کراچی کے میئر وسیم اختر اور پاک سرزمین پارٹی کے صدر انیس قائم خانی سمیت دونوں جماعتوں کے سیکرون کارکن قید ہیں۔