بھارتی حکومت نے مقبوضہ کشمیرمیں احتجاج سے نمٹنے کیلئے مرچوں والے گرنیڈزاستعمال کرنے کی منظوری دیدی

مقبوضہ کشمیر میں آل پارٹی وفد بھیجنے کا بھارتی فیصلہ بین الاقوامی برادری کو گمراہ کرنے کی سازش ہے،حریت قیادت راج ناتھ سنگھ نے محض لوگوں کودکھانے کیلئے مقبوضہ کشمیرکادورہ کیا اورمقامی اعلیٰ کاریہ تاثردینے کی کوشش کررہے ہیں کہ نام نہادحکمرانوں کو بھارتی فوج کی طرف سے چھروں والی بندوقوں کے استعمال اورگولیاں چلانے پرافسوس ہے اور وہ لوگوں کے زخموں پرمرہم لگانے کیلئے اْن تک پہنچے لیکن درحقیقت وہ محض اپنی فوج کوتھپکی دینے کیلئے یہاں آئے ،حریت کانفرنس

ہفتہ 3 ستمبر 2016 17:50

بھارتی حکومت نے مقبوضہ کشمیرمیں احتجاج سے نمٹنے کیلئے مرچوں والے گرنیڈزاستعمال ..

نئی دہلی/سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔3 ستمبر ۔2016ء) بھارتی حکومت نے مقبوضہ کشمیرمیں احتجاج سے نمٹنے کیلئے پیلٹ گن کی بجائے مرچوں والے گرنیڈزاستعمال کرنے کی منظوری دیدی،بھارتی پولیس اورنیم فوجی اہلکار پانی کی گنیں اورکان بند کردینے والی آوازپیدا کرنے والے ہتھیاربھی استعمال کرسکیں گے،ادھر کل جماعتی حریت کانفرنس نے ان اطلاعات پرتشویش ظاہر کی ہے کہ مقبوضہ علاقے میں ہتھیاروں کی ذخیرے کومزیدبڑھانے کیلئے6کروڑ سے زائد چھروں والی گولیاں کشمیرلائی گئی ہیں۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارتی حکومت نے مقبوضہ کشمیرمیں احتجاج سے نمٹنے کیلئے مرچوں والے گرنیڈزاستعمال کرنے کی منظوری دیدی ہے ۔بھارتی پولیس اورنیم فوجی اہلکار پانی کی گنیں اورکان بند کردینے والی آوازپیدا کرنے والے ہتھیاربھی استعمال کرسکیں گے۔

(جاری ہے)

ادھرمقبوضہ کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس نے ان اطلاعات پرتشویش ظاہر کی ہے کہ مقبوضہ علاقے میں ہتھیاروں کی ذخیرے کومزیدبڑھانے کیلئے6کروڑ سے زائد چھروں والی گولیاں کشمیرلائی گئی ہیں۔

سرینگر میں کل جماعت حریت کانفرنس کے ایک بیان میں کہاگیاہے کہ بھارتی وزیرداخلہ راج ناتھ سنگھ نے محض لوگوں کودکھانے کیلئے مقبوضہ کشمیرکادورہ کیا اورمقامی اعلیٰ کاریہ تاثردینے کی کوشش کررہے ہیں کہ نام نہادحکمرانوں کو بھارتی فوج کی طرف سے چھروں والی بندوقوں کے استعمال اورگولیاں چلانے پرافسوس ہے اور وہ لوگوں کے زخموں پرمرہم لگانے کیلئے اْن تک پہنچے لیکن درحقیقت وہ محض اپنی فوج کوتھپکی دینے کیلئے یہاں آئے کل جماعتی حریت کانفرنس نے نیوزچینل پرپابندی کی بھی مذمت کرتے ہوئے کہاکہ نام نہاداینکرزاور اْنکے تعصب رکھنے والے چینلزصورتحال کو خراب کرنے کی مکمل حمایت کرتے ہیں۔

مقبوضہ کشمیر میں حریت رہنماؤں اور تنظیموں نے وادی میں بھارت کی ریاستی دہشت گردی میں اضافے پر شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنما محمد یوسف نقاش نے ایک بیان میں بھارت کی جانب سے کل جماعتی وفد کشمیر بھیجنے کو عالمی برادری کو گمراہ کرنے کی ایک چال قررا دیئے۔انہوں نے کہا کہ اس اقدام کا مقصد جاری جدوجہد کو کچلنا ہے جس سے بھارت گھبراہٹ کا شکار ہے۔

انہوں نے کہا کہ کشمیر کے دیرینہ مسئلے کا حل اقوام متحدہ کی قراردادوں کی روشنی میں پاکستان' بھارت اور حقیقی کشمیری قیادت سمیت سہ فریقی مذاکرات سے وابستہ ہے۔ایک اور حریت رہنما حکیم عبد الرشید نے سرینگر میں ایک بیان میں کرفیو کے مسلسل نفاذ اور عوام کی آمدورفت پر دیگر پابندیوں کی مذمت کی۔اْدھر برہان وانی کی شہادت کے بعد پوری وادی میں پرامن احتجاجی مظاہروں کے دوران بھارتی فو ج اور پولیس نے بے گناہ کشمیریوں پر تشدد کا بازارگرم کررکھا ہے۔

امریکی وزیر خارجہ جان کیری کے نام ایک خط میں غیر رہائشی کشمیریوں نے کہا ہے کہ بھارتی فوج نے شہید کی نماز جنازہ میں شریک دو لاکھ سے زیادہ افراد کے خلاف گولیوں اور چھروں کا استعمال کیا اور لاٹھی چارج کیا۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ پانچ ہفتوں سے کرفیو اور جھڑپیں جاری ہیں جس سے خوراک' بجلی اور ایندھن تک رسائی انتہائی محدود ہوگئی ہے۔مسلسل حملوں میں دس ہزار کے قریب افراد زخمی ہوئے ہیں پچاسی افراد شہید ہوئے اور پیلٹ گن کے استعمال سے پانچ سو ستر کے قریب افراد بینائی سے محروم ہوگئے۔