وزیراعلیٰ بلوچستان ، مولانا فضل الرحمان اور امیر مقام پر دہشتگرد حملے کا خدشہ ہے ، وزارت داخلہ کی ان رہنماؤں کو اپنی سیکیورٹی سخت کرنے کی ہدایت

ہفتہ 3 ستمبر 2016 17:43

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔3 ستمبر ۔2016ء) وزرات داخلہ نے وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اﷲ زہری ،جمعیت علماء اسلام ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمان اور وزیراعظم کے مشیر انجینئر امیر مقام پر دہشتگردوں کے حملے کا خدشہ ظاہر کرتے ہوئے انہیں اپنی سیکیورٹی سخت کرنے کی ہدایت کی ہے۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق انٹیلی جنس اداروں نے وزرات داخلہ کو رپورٹ ارسال کی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ دہشتگرد سیاسی شخصیات کو نشانہ بنانے کی منصوبہ بندی کر رہے ہیں اور دہشتگردوں کی کوشش ہے کہ ملک میں اہم سیاسی شخصیات کو نشانہ بنایا جائے۔

رپورٹ میں جن رہنماؤں پر حملے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے ان میں وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اﷲ زہری ،جمعیت علماء اسلام ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمان اور وزیراعظم کے مشیر انجینئر امیر مقام شامل ہیں۔وزرات داخلہ نے انٹیلی جنس رپورٹ صوبوں کے محکمہ داخلہ اور پولیس سربراہان کو ارسال کرتے ہوئے مذکورہ رہنماؤں کی سیکیورٹی مزید سخت کرنے کی ہدایت کی ہے۔(خ م+آچ)