سپریم کورٹ بار کے سالانہ الیکشن 31 اکتوبر کو ہونگے، کاغذات نامزدگی 3 اکتوبر سے 8 اکتوبر تک وصول کئے جائیں گے،شیڈول جاری

ہفتہ 3 ستمبر 2016 17:18

اسلام آباد ۔ 03 ستمبر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔3 ستمبر ۔2016ء) سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے سالانہ الیکشن 31 اکتوبر کو منعقد ہونگے۔ سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کی مجلس عاملہ کی جانب سے منظور کئے گئے الیکشن شیڈول کے مطابق کاغذات نامزدگی 3 اکتوبر سے 8 اکتوبر تک وصول کئے جائیں گے۔ چوہدری افراسیاب خان کو چیئرمین الیکشن بورڈ و ریٹرننگ آفیسر بنانے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔

شیڈول کے مطابق اہل امیدواروں کی ابتدائی فہرست 21 ستمبر تک جاری کر دی جائے گی۔ ووٹروں کی اہلیت سے متعلق اعتراضات 23 ستمبر تک داخل کرائے جائیں گے جن پر24 ستمبر تک فیصلہ کیا جائے گا۔ اہل امیدواروں کی حتمی فہرست 30 ستمبر کو جاری کی جائے گی۔ افراسیاب خان نے الیکشن میں حصہ لینے والے امیدواروں سے کہا ہے کہ وہ 3 اکتوبر سے 8 اکتوبر تک اپنے کاغذات نامزدگی جمع کروا سکتے ہیں۔

(جاری ہے)

جمع کرائے گئے کاغذات کی جانچ پڑتال 10 اکتوبر تک امیدواروں کی حتمی فہرست 14 اکتوبر کو جاری کی جائے گی۔ کاغذات نامزدگی مسترد یا منظوری کیخلاف اپیلیں 17 اکتوبر تک دائر کی جا سکیں گی جن پر فیصلے 18 اکتوبر تک دیئے جائیں گے۔ امیدوار 20 اکتوبر تک کاغذات نامزدگی واپس لے سکیں گے۔ امیدواروں کی حتمی فہرست 22 اکتوبر کو آویزاں کر دی جائے گی۔ 31 اکتوبر کو الیکشن کیلئے پولنگ ہو گی۔ 4 نومبر کو نتائج کا باقاعدہ اعلان کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ تاحیات ممبران جنہوں نے اپنے واجبات مقررہ تاریخ تک ادا کر دیئے ہیں وہ ووٹ دینے کے اہل ہونگے۔

متعلقہ عنوان :