افغان مہاجرین کے مکمل انخلاء کے بعد ملک میں روزگارکے دس لاکھ مواقع میسر آئیں گے، آپریشن ضرب عضب میں فاٹا کے عوام نے تاریخی قربانیاں دی ہیں

وفاقی وزیر ریاستیں و سرحدی امور لیفٹیننٹ جنرل (ر) عبدالقادر بلوچ کا بیان

ہفتہ 3 ستمبر 2016 16:38

اسلام آباد ۔ 03 ستمبر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔03 ستمبر۔2016ء) وفاقی وزیر ریاستیں و سرحدی امور لیفٹیننٹ جنرل (ر) عبدالقادر بلوچ نے کہا ہے کہ پاکستان سے افغان مہاجرین کے مکمل انخلاء کے بعد دس لاکھ لوگوں کوروزگارکے مواقع میسر آئیں گے، آپریشن ضرب عضب میں فاٹا کے عوام نے تاریخی قربانیاں دی ہیں جسے قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ وزارت سیفران سے جاری بیان کے مطابق وفاقی وزیر نے کہا کہ ملک بھر سے افغان مہاجرین کی رضا کارانہ واپسی کا عمل جاری ہے تاہم حکومت پاکستان نے رجسٹرڈ مہاجرین کو 31 دسمبر 2016ء تک ملک میں رہنے کی اجازت دی جو 31 دسمبر کے بعد ختم ہو جائے گی۔

انہوں نے کہاکہ پاکستان کی عوام اور حکومت تین دہائیوں سے افغان مہاجرین کی میزبانی کرر ہے ہیں جو بین الاقوامی سطح پر تاریخی میزبانی ہے۔

(جاری ہے)

وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان سے افغان مہاجرین کے مکمل انخلاء کے بعد ملک بھر میں دس لاکھ لوگوں کو روزگار کے مواقع میسر آئیں گے جبکہ ملک میں امن و امان کی صورتحال مزید بہتر ہو گی۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ آپریشن ضرب عضب سے متاثرہ علاقوں کی تعمیر نو و بحالی کا کام جاری ہے، تعلیمی صحت کے مراکز سمیت دیگر اداروں کی تعمیر نو کے حوالے سے طریقہ کار طے کیا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ فاٹا کی عوام نے آپریشن ضرب عضب میں اپنے گھربار چھوڑ کر جس طرح قربانی دی اسے قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بے گھر افراد کی واپسی کا عمل رواں سال مکمل کر لیا جائے گا۔