اے این ایف کی قلعہ عبداللہ اور پشین میں خفیہ اطلاعات پر 2 بڑی کاروائیاں

5.2 ٹن چرس برآمد ، عالمی منڈی میں مالیت3 ارب 20 کروڑ روپے ہے

ہفتہ 3 ستمبر 2016 16:29

اسلام آباد ۔03 ستمبر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔03 ستمبر۔2016ء) انسدادمنشیات فورس (اے این ایف) نے بلوچستان کے اضلاع قلعہ عبداللہ اور پشین میں خفیہ اطلاعات پر 2 بڑی کاروائیوں کے دوران 5.2 ٹن چرس قبضے میں لے لی، جس کی مالیت عالمی منڈی میں3 ارب 20 کروڑ روپے ہے۔ہفتہ کو یہاں جاری بیان میں ترجمان نے کہاکہ اے این ایف کوئٹہ نے خفیہ اطلاعات پر مبنی ایک کامیاب کاروائی کے دوران قلعہ عبداللہ سے 4.95ٹن چرس قبضے میں لے لی۔

۔منشیات کی مذکورہ کھیپ ضلع قلعہ عبد اللہ کی تحصیل گلستان کے علاقے کلی شمس زئی میں واقع ایک برساتی نالے کے قریب واقع جھاڑیوں میں پلاسٹک کی بوریوں میں بند کر کے ذخیرہ کی گئی تھی۔ابتدائی اطلاعات کے مطابق یہ منشیات کسی دیگر گروہ کے حوالے کرنے کہ غرض سے ذخیرہ گئی تھی اور بعد ازاں کسی نامعلوم مقام پراسمگل کی جانی تھی۔

(جاری ہے)

اے این ایف کوئٹہ نے خفیہ اطلاعات پر مبنی دوسری کاروائی کے دوران ضلع پشین سے ایک کار کوتحویل میں لیکر 304 کلو گرام چرس برآمد کر لی۔

اے این ایف کوخفیہ ذرائع سے منشیات کی بھاری مقدارسمگل کرنے کی اطلاع موصول ہوئی، جس کے پیش نظر ضلع پشین کی تحصیل یاروکے علاقے میں مطلوبہ مقام پر ناکہ لگایا گیا۔دوران نگرانی، ایک ٹیوٹا کرولا کاراے این ایف کے ناکے سے کچھ فاصلے پر مشکوک طور پر رُک گئی۔ صورتحال کو مشکوک جانتے ہوئے اے این ایف ٹیم نے کار کے قریب جا کر اسے اپنی تحویل میں لیا، جس کی مکمل تلاشی کے دوران کار کے خفیہ خانوں سے 304 کلو گرام چرس برآمد ہوئی۔تمام مقدمات اے این ایف کے متعلقہ تھانوں میں درج کر لئے گئے ہیں اور مزید تفتیش جاری ہے۔