مقبوضہ کشمیر ،جماعت اسلامی کا بھارتی فورسز کے بڑھتے ہوئے مظالم پر اظہار تشویش

ہفتہ 3 ستمبر 2016 15:34

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔03 ستمبر۔2016ء) جماعت اسلامی مقبوضہ کشمیر نے نہتے کشمیریوں پر قابض بھارت فورسز کے بڑھتے ہوئے مظالم پر سخت تشویش کا اظہار کیا ہے۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق جماعت اسلامی کے ترجمان نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ مہلک پیلٹ بندو ق پرایک طرف پابندی کی باتیں ہورہی ہیں اوردوسری طرف پرامن مظاہرین کے خلاف اسکا وحشیانہ استعمال بھی مسلسل جاری ہے اور نوجوانوں کو آئے روز بصارت سے محروم کیا جارہا ہے۔

(جاری ہے)

ترجمان نے کہا کہ عالمی برادری کی ذمہ داری ہے کہ وہ بھارت کی طرف سے کشمیریوں کے خلاف پیلٹ بندوق اور دیگر مہلک ہتھیاروں کے استعمال کا نوٹس لے اور نہتے کشمیریوں کا قتل عام رکوانے کے لیے اقدامات کرے۔ ترجمان نے بھارتی پولیس کی طرف سے مقبوضہ علاقے کے اطراف و اکناف میں جاری بے گناہ نوجوانوں کی گرفتاری کی لہر کی بھی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ کسی قوم کی آزادی کی تحریک کو اس طرح کے اوچھے ہتھکنڈوں سے ہرگز دبایا نہیں جاسکتا۔انہوں نے سرینگر کے علاقے پالپورہ کے اٹھارہ سالہ نوجوان دانش سلطان کو شاندار خراج عقیدت پیش کیا جس نے جمعرات کے روز بھارتی فوجیوں کے تعاقب کرنے پر دریائے جہلم میں چھلانگ لگا دی تھی۔