چین کے 22 رکنی وفد کا ایس ایس یو آفس کا دورہ ، پیشہ وارانہ معیار کو سراہا

ہفتہ 3 ستمبر 2016 15:31

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔03 ستمبر۔2016ء) ہنان ہواشن جنان سیکیورٹی کنسلٹنگ سروسز کے22 رکنی چینی وفد بشمول معروف سیکیورٹی ماہرین اور سینئر ہنان گورنمنٹ سیکیورٹی اراکین نے سندھ پولیس میں بین الاقوامی معیار کی بہترین پولیس فورس قائم کرنے اورپولیس کمانڈوز کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں میں مزید اضافہ کرنے کے لیے کی جانے والی کاوشوں کو سراہا ۔

وفد نے ان خیالات کااظہار میڈم ینگ زیاوٴکنگ کی سربراہی میں اسپیشل سیکیورٹی یونٹ کے مختلف شعبوں کا دورہ کرتے ہوئے کیا ۔کمانڈنٹ اسپیشل سیکیورٹی یونٹ مقصود احمدنے مختلف شعبوں کے متعلق تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ ایس ایس یو میں پاکستان کی پہلی اسپیشل ویپن اینڈ ٹیکٹکس (S.W.A.T) ٹیم قائم کردی گئی ہے انھوں نے مزید بتایا کہ بین الاقوامی ادارے UKAS برطانیہ کی جانب سے ایس ایس یو کی اعلیٰ معیار کی کارکردگی کو تسلیم کرتے ہوئے انسداد دہشت گردی آپریشنز ، اہم تنصیبات واہم قومی وبیرونی شخصیات کو موٴثر حفاظتی سہولت فراہم کرنے پر ISO سرٹیفیکیٹ جاری کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

ایس ایس یو ملک کا پہلا قانون نافذ کرنے والاا دارہ ہے جسے ISO سرٹیفیکیٹ جاری کیا گیا ہے۔وفد کے اراکین نے پولیس کمانڈوز کی انسداد دہشت گردی کے معیار کو دیکھتے ہوئے خوشی کا اظہار کیا۔کمانڈنٹ نے بتایا کہ(S.W.A.T) ٹیم کے کمانڈوز بشمول لیڈی کمانڈوز جو کہ جدید اسلحہ ومواصلاتی نظام سے لیس ہیں چوبیس گھنٹے سماج دشمن عناصراور دہشت گردوں کی طرف سے پیدا کی گئی کسی بھی ہنگامی صورت حال سے نمٹنے کے لیے تیا ر رہتے ہیں۔

انھوں نے مزید بتایا کہ ایس ایس یو کے کمانڈوز کو جدید تربیت فراہم کی گئی ہے تاکہ وہ دہشت گردوں کی کسی بھی کاروائی کو بروقت ناکام بنا سکیں۔وفد نے S.W.A.T ٹیم کے کمانڈوز کی فرضی مشقوں کا مظاہر ہ بھی دیکھا۔بعد ازاں کمانڈنٹ ایس ایس یو نے وفد کی سربراہ کویونٹ کی شیلڈ پیش کی۔

متعلقہ عنوان :