وکلا کی ٹارگٹ کلنگ،ایم کیو ایم کے 2 کارکن جیل منتقل

ہفتہ 3 ستمبر 2016 15:04

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔03 ستمبر۔2016ء) انسداد دہشت گردی کی منتظم عدالت نے وکلا کی ٹارگٹ کلنگ اور بھتہ خوری کے الزام میں گرفتار ایم کیو ایم کے 2 کارکنوں کو ریمانڈ پر جیل بھیج دیا گیا۔ کراچی میں انسداد دہشت گردی کی منتظم عدالت کے جج کے روبرو بھتہ خوری اور وکلا سمیت دیگر افراد کی ٹارگٹ کلنگ سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی۔

(جاری ہے)

سماعت کے دوران تفتیشی افسر نے بتایا کہ گرفتارکئے گئے ملزمان کاشف قادرعرف کاشف ٹنڈا اور جنید اقبال عرف بلڈاگ کا تعلق ایم کیوایم کے عسکری ونگ سے ہے ، دونوں ملزمان نے وکلاء کی ٹارگٹ کلنگ اور بھتہ خوری کی وارداتوں کا اعتراف کیا ۔ ان ملزمان نے ہی 17 مارچ 2010 کو ٹیپو سلطان روڈ پر ایڈوکیٹ سہیل انجم انصاری کو بھی قتل کیا تھا۔ عدالت نے تفتیشی افسر کا موقف سننے کے بعد دونوں ملزمان کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیجنے کا حکم دیتے ہوئے سماعت ملتوی کردی۔