چین کے صدر کی عالمی رہنماؤں سے علیحدہ علیحدہ ملاقاتیں

ہفتہ 3 ستمبر 2016 14:59

ہانگ ژو (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔03 ستمبر۔2016ء) چین کے صدر شی جن پنگ سے جی 20-کانفرنس میں شرکت کیلئے آنیوالے رہنماؤں میں ملاقاتیں کیں ، ان میں اٹلی کے وزیر اعظم میتیو رینزی ، چاڈ کے صدر ادریس دیبے، ترکی کے صدر طیب اردگان ، جنوبی افریقہ کے صدر جیکب زوما اور میکسیکو کے صدر اینریک پینا نیٹو شامل ہیں ۔تفصیلات کے مطابق اٹلی کے وزیر اعظم میتیو رینزی اور چین کے صدر نے اس موقع پر دوطرفہ تعاون کو فروغ دینے کی کوششوں کے عزم کا اظہار کیا ، اس سے قبل چینی صدر نے جی20-کانفرنس میں شرکت کیلئے آنے پر اٹلی کے وزیر اعظم کا خیر مقدم کیا اور کہا کہ چین اٹلی کے ساتھ جامع حکمت عملی کی شراکت داری کے تحت کام کرنے کا خواہش مند ہے تا کہ دونوں ملکوں کے درمیان زیادہ سے زیادہ تبادلہ خیالات ہو سکے ۔

(جاری ہے)

دریں اثنا چین کے صدر شی جن پنگ نے چاڈ کے صدر ادریس دیبے سے بھی ملاقات کی اور کہا کہ چین چاڈ اور افریقی ممالک کے ساتھ تعاون کو فروغ دینا چاہتا ہے ۔یاد رہے کہ چاڈ کے صدر افریقن یونین کے نمائندے کے طورپر گیارہویں جی 20-کانفرنس میں شرکت کررہے ہیں ، چین کے صدر شی جن پنگ نے کانفرنس میں شرکت کیلئے آنے والے ترکی کے صدر طیب اردگان سے بھی ملاقات کی ، دونوں رہنماؤں نے توانائی اور دہشتگردی کے خاتمے کیلئے اپنے عزم کا اظہار کیا ، چینی صدر نے جنوبی افریقہ کے صدر جیکب زوما سے بھی ملاقات کی اور باہمی دلچسپی کے امورپر بھی تبادلہ خیال کیا ، اس سے قبل جنوبی افریقہ کے صدر جب ہانگ ژو پہنچے تو چینی صدر نے ان کا خیر مقدم کیا ۔

دریں اثنا میکسیکو کے صدر اینریک پینا نیٹو کانفرنس میں شرکت کیلئے ہانگ ژو پہنچ گئے ، انہوں نے چینی صدر سے ملاقات کی ، دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ اقتصادی تعاون کے فروغ کیلئے تبادلہ خیال کیا ۔

متعلقہ عنوان :