احاطہ عدالتوں کی فول پروف سکیورٹی کیلئے کوئی جامعہ پلان تیار کیا جائے‘ لاہور ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن

ہفتہ 3 ستمبر 2016 13:53

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔03 ستمبر۔2016ء) لاہور ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن کے صدر رانا ضیاء عبدالرحمن ، نائب صدر سردار طاہر شہباز خان ،سیکرٹری محمد انس غازی اور فنانس سیکرٹری سید اسد بخاری نے سیشن کورٹ مردان میں خود کش حملے کت نتیجے میں 4وکلاء سمیت تقریبا 14معصوم شہریوں کی شہادت پر شدید رنج و غم کا اظہار اور واقعہ کی پرزور مذمت کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ سیشن کورٹ مردان پر خود کش حملہ ایک انتہائی بزدلانہ حرکت ہے جسکی جتنی مذمت کی جائے کم ہے۔ خود کش حملہ آوروں کا کسی بھی مذہب یا انسانیت سے کوئی تعلق نہ ہے وہ وحشی درندے ہیں جو بے گناہ شہریوں کو شہید کرتے ہیں۔ انہوں نے مردان سیشن کورٹ میں تعینات سکیورٹی اہلکار کو خراج تحسین پیش کیا جس نے اپنے جان کا نذرانہ پیش کر کے بے شمار انسانی جانوں کو بچایا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ حکومت ملک میں امن و امان اور سکیورٹی کو بہتر کرنے میں بری طرح ناکام ہو چکی ہے جس سے عوام عدم تحفظ کا شکار ہیں۔ انہوں نے وفاقی و صوبائی حکومت سے مطالبہ کیا کہ احاطہ عدالتوں کی فول پروف سکیورٹی کیلئے کوئی جامعہ پلان تیار کیا جائے جسمیں ہم بطور نمائندہ وکلاء بھر پور تعاون کا یقین دلاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سانحہ مردان ایک انتہائی دلخراش واقعہ ہے اور ملک بھر کی وکلاء برادری رنج و غم میں ڈوبی ہوئی ہے۔ ہم شہداء کے لواحقین کے غم میں برابر کے شریک ہیں اور مرکزی و صوبائی حکومتوں سے مطالبہ کرتے ہیں کہ شہداء کے لواحقین اور زخمیوں کی مالی امداد کریں۔

متعلقہ عنوان :