احتساب مارچ ،پانچ ہزار پولیس اہلکاروں ‘1400ٹریفک وارڈنز نے ڈیوٹی سر انجام دی

بلند عمارتوں پر سنائپرز تعینات رہے،14ایمبولینسز ‘ فائر بریگیڈ کی 10گاڑیاں بھی ریلی کے روٹ پر موجود رہیں

ہفتہ 3 ستمبر 2016 13:53

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔03 ستمبر۔2016ء) پنجاب پولیس کی طرف تحریک انصاف کے احتساب مارچ کیلئے سکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کئے گئے ، شاہدرہ سے چیئرنگ کراس چوک تک پانچ ہزار اہلکار حفاظتی ڈیوٹیوں پر تعینات رہے جبکہ 1400وارڈنز نے ٹریفک کنٹرول کرنے کیلئے ڈیوٹی سر انجام دی ۔تفصیلات کے مطابق پولیس کی طرف سے تحریک انصاف کے احتساب مارچ کے موقع پر کسی بھی نا خوشگوار واقعہ سے نمٹنے کیلئے سکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کئے گئے تھے ۔

سی سی پی او لاہور کیپٹن (ر) امین وینس اور ڈی آئی جی آپریشنز ڈاکٹر حیدر اشرف اور دیگر پولیس افسران سکیورٹی انتظامات کو چیک کرنے کیلئے ریلی روٹ کے دورے کرتے رہے ۔ مارچ کے شرکاء کی حفاظت کیلئے سی سی ٹی وی کیمروں سے مانیٹرنگ کے لئے سی سی پی اوآفس میں کنٹرول روم بھی قائم کیا گیا ۔

(جاری ہے)

پولیس اور حساس اداروں کی طرف سے ریلی کے روٹ کی وقفے وقفے سے سرچ اینڈ سویپنگ کی جاتی رہی ۔

بلند عمارتوں پر سنائپرز تعینات رہے جبکہ سادہ کپڑوں میں ملبوس اہلکار بھی حفاظتی ڈیوٹی سر انجام دیتے رہے ۔یلی میں شریک ہونے والوں کو تین مقامات پر جامع تلاشی کے بعد اندر ریلی کے روٹ پر آنے کی اجازت دی گئی ۔تحریک انصاف کی ریلی کے باعث 1400ٹریفک وارڈنز نے ڈیوٹی سر انجام دی تاہم اس کے باوجود مختلف شاہراہوں پر بے ہنگم ٹریفک کے باعث گاڑیوں کی میلوں لمبی قطاریں لگی رہیں۔علاوہ ازیں احتساب مارچ کے روٹ پر 14ایمبولینسز اور 10فائر بریگیڈ کی گاڑیاں بھی کسی بھی ایمر جنسی کی صورت میں فوری رسپانس کے لئے موجود رہیں۔

متعلقہ عنوان :