امریکی خاتون شہری پر چین میں جاسوسی کا مقدمہ

ہفتہ 3 ستمبر 2016 13:32

بیجنگ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔03 ستمبر۔2016ء) چین میں مارچ 2015ء میں جاسوسی کے الزام میں گرفتار کی جانے والی ایک امریکی خاتون کے امریکا میں مقیم شوہر نے کہا ہے کہ اس کی بیوی کے خلاف لگائے گئے الزامات غلط ہیں اور یہ کہ اس مقدمے کی کارروائی عنقریب شروع ہو جائے گی۔میڈیارپورٹس کے مطابق سینڈی پھان گیلس نامی یہ کاروباری خاتون ویت نام میں پیدا ہوئی تھی اور اس کے آباوٴ اجداد کا تعلق چین سے ہے۔

یہ امریکی خاتون امریکی شہر ہیوسٹن سے چین جانے والے ایک تجارتی وفد کے ہمراہ چین پہنچی تھی، جہاں مارچ 2015ء میں چینی حکام نے اْسے جاسوسی کے الزامات کے تحت گرفتار کر لیا تھا۔اب اس خاتون کے امریکی شہر ٹیکساس میں مقیم شوہر جَیف گیلس نے کہا ہے کہ چینی حکام نے اْس کی بیوی کے خلاف مقدمے کی کارروائی کے لیے باقاعدہ ایک تاریخ کا بھی تعین کر دیا ہے۔

(جاری ہے)

جَیف گیلس نے مزید کہا کہ چینی حکام ایسے شواہد کو دبا رہے ہیں، جن سے اْس کی اہلیہ کے خلاف قائم کیا گیا مقدمہ کمزور پڑ سکتا ہے۔ جَیف گیلس نے کہا کہ الزامات مکمل طور پر غلط ہیں۔ گیلس کے مطابق وہ امریکی صدر باراک اوباما سے اپنی بیوی کی رہائی کے لیے کوشش کرنے کا کہنا چاہتا ہے۔ اْدھر امریکی دفتر خارجہ کا کہنا تھاکہ اس امریکی خاتون کے خلاف لگائے گئے الزامات اور اْس کے خلاف قائم کیے گئے مقدمے کا کڑی نظر سے جائزہ لیا جا رہا ہے اور یہ کہ بیجنگ میں امریکی قونصل خانے کے افسران ہر مہینے جا کر اس خاتون سے ملاقات کر رہے ہیں۔دوسری طرف چینی وزارتِ خارجہ کی ایک خاتون ترجمان نے کہا کہ چین اس مقدمے کے سلسلے میں تمام قانونی تقاضے پورے کر رہا ہے۔

متعلقہ عنوان :