یورپی یونین سے انخلاء کا عمل شروع ہونے تک برطانیہ سے مذاکرات نہیں ہوں گے،یورپی کونسل

ہفتہ 3 ستمبر 2016 11:22

برسلز ۔ 03 ستمبر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔03 ستمبر۔2016ء) یورپین کونسل کے سربراہ نے کہا ہے کہ جب تک لندن باضابطہ طورپر یورپی یونین سے نکلنے کا عمل شروع نہیں کرتا اس کے ساتھ مذاکرات نہیں ہوں گے۔ یورپی کونسل کے سربراہ ڈونالڈ ٹاسک نے کہا کہ یورپی یونین کو چاہیے کہ ان ملکوں کے مفادات کی حمایت کرے جو ایک ساتھ رہنا چاہتے ہیں نہ کہ ایک ایسے ملک کے مفادات کا تحفظ کرے جس نے یورپی یونین سے نکلنے کا ارادہ کرلیا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ 16 ستمبر کو سلواکیہ کے دارالحکومت میں ہونے والی نشست میں برطانیہ کے یورپی یونین سے نکلنے کے بعد کی صورتحال کا جائزہ لیاجائے گا لیکن یورپی یونین اور برطانیہ کے مذاکرات کی اسٹریٹیجی کے بارے میں کوئی گفتگو نہیں ہو گی۔ادھر برطانوی وزیراعظم تھریسا مے نے باضابطہ طور پر اعلان کیا ہے کہ وہ یورپی یونین سے نکلنے کے عمل کے آغاز کا اعلان2017 سے پہلے نہیں کریں گی۔ یورپی یونین سے برطانیہ کے علیحدگی کا آغاز اس وقت سے شروع ہو گا جب برطانوی وزیراعظم لزبن معاہدے کے آرٹیکل 50 پر دستخط کریں گی۔ اس قانون پر دستخط کئے جانے کے بعد یورپی یونین سے برطانیہ کے نکلنے کا عمل شروع ہو جائے گا جس میں دو برس لگیں گے۔