خونی سیاست کی سرپرستی کرنا حکومتی ناکامی کا ثبوت ہے،مقررین

مرزا تنویر کے قاتلوں کے ساتھ انصاف کے تمام تقاضے پورے کیے جائیں ، ہم دو بے گناہ نوجوانوں اور اپنے نوجوان قائد مرزا تنویر کے خون ناحق کو ضائع نہیں ہونے دیں گے،مرزاتنویر شہید کی رہائش گاہ پر احتجاجی جلسہ سے فرید احمد پراچہ ، ذکر اللہ مجاہد ، امیر العظیم ، حافظ سلمان بٹ اور دیگر کا خطاب

جمعہ 2 ستمبر 2016 22:58

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔2 ستمبر ۔2016ء) امیر جماعت اسلامی لاہور ذکر اللہ مجاہد نے کہا کہ خونی سیاست کی سرپرستی کرنا حکومتی ناکامی کا ثبوت ہے۔ایک سال گزر نے کے باوجود ان دو معصوم جانوں کو قتل کرنے والے ملزمان حمزہ شہباز کی پشت پناہی پر آزاد گھوم رہے ہیں اور تاحال پولیس نے اُسے گرفتار نہیں کیااو ر بربریت اور ظلم کی انتہا یہ کہ ان دونوں کے خون ناحق کی پیروی کرنے والے مرزا تنویر کو دن دیہاڑے شاہ عالم مارکیٹ چوک میں گولیوں کا نشانہ بنا کر قتل کردیا گیا۔

ان خیالات کا اظہار گذشتہ روز انہوں نے مرزا تنویرشہید کی رہائش گاہ پر احتجاجی جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ احتجاجی جلسے سے ڈپٹی سیکرٹری جماعت اسلامی پاکستان ڈاکٹر فرید احمد پراچہ ،سیکرٹری اطلاعات جماعت اسلامی پاکستان امیر العظیم ، جماعت اسلامی لاہور کے رہنماء حافظ سلمان بٹ ، ضیاء الدین انصاری، سابق ایم پی اے چوہدری محمد شوکت، پی ٹی آئی کے محمد خان مدنی ، وقار احمد اور دیگر رہنماؤں نے خطاب کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ سیاست کا مقابلہ میدانِ سیاست میں ہی اچھا لگتا ہے لیکن بد قسمتی سے ہمارے ملک کے حکمرانوں کا مائینڈ سیٹ وہی پرانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم انتخابی دفتر میں دو بے گناہ نوجوانوں اور اپنے نوجوان قائد مرزا تنویر کے خون ناحق کو رائیگاں جانے نہیں دیں گے ۔انہوں نے کہا کہ اگر عدالتوں میں موجود تمام مقدمات کے فیصلے میرٹ ، قانون و انصاف کے مطابق ہوں اور انصاف ہوتا ہوا نظر آئے اور لوگوں کو انصاف کے حصول کے لیے طویل انتظار نہ کرنا پڑے تو لوگ بہت سے مسائل و مشکلات سے نجات حاصل کر سکتے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ اس وقت ملک کے اندر ہمیں بطور سچا پاکستانی ان شخصیات کو پہچاننا ہوگا جو گذشتہ کئی دہائیوں سے لسانی ، صوبائی عصبیتوں کے دلفریب نعرے لگا کر اپنے نادیدہ سیاسی مقاصد حاصل کر رہے ہیں جس کے لیے وہ بے گناہوں کے خون کی ہولی کھیلنے سے بھی باز نہیں آتے اور ملکی سرمایہ غیر ملکی بنکوں میں بھیج کر ملک کی معیشت کو کمزور بنا رہے ان کرپٹ حکمرانوں ، سیاستدانوں اور کرپٹ لوگوں کے خلاف عوام کو اُٹھناہوگا جو ملک و قوم کا سرمایہ دونوں ہاتھوں سے لوٹ رہے ہیں ۔

انہوں نے پنجاب حکومت سے مطالبہ کیا کہ سیاست کی آڑ میں اس قتل و غارت گری کا فوری نوٹس لے اور مُلزموں کے خلاف تمام قانونی تقاضوں کو پورا کر کے ان کو کڑی سے کڑی سزا دے کر عبرت کا نشان بنائے ۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ اگر اس معاملے کے اندر روائیتی سستی اور کوتاہی کا مظاہرہ کیا گیا تو ہم احتجاج کر نے پر مجبور ہونگے۔ انہوں نے کہا کہ پولیس نے جو چند ملزم پکڑے ہیں ان کو تھانے میں پروٹوکول دے کر مہمانوں کی طرح ٹریٹ کیا جا رہا ہے جس کی ہم مذمت کرتے ہیں ۔اور مجرموں سے مجرموں جیسا سلوک کیا جانا چاہیے۔

متعلقہ عنوان :