حکومت صوبہ میں غیرسرکاری اداروں کی بھرپورمعاونت کریگی،ثناء اللہ زہری

صحت،تعلیم اوردیگرسماجی شعبوں میں کام کرنے والے غیرسرکاری اداروں کوسہولیات فراہم کی جائیں گی،وزیراعلیٰ بلوچستان کی پاکستان ریڈکریسنٹ کے وفدسے بات چیت

جمعہ 2 ستمبر 2016 22:32

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔2 ستمبر ۔2016ء) وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری نے کہا ہے کہ حکومت صوبے میں صحت ، تعلیم اور دیگر سماجی شعبوں میں کام کرنے والے غیر سرکاری اداروں کی بھرپور معاونت کرے گی اور انہیں سہولیات فراہم کی جائیں گی، ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان ریڈ کریسنٹ کے ایک وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کیا جس نے چیئرمین ڈاکٹر سعید الہٰی کی قیادت میں جمعہ کے روز یہاں ملاقات کی، وزیراعلیٰ نے صوبے میں صحت کے شعبے میں پاکستان ریڈ کریسنٹ کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ ریڈ کریسنٹ غریب عوام کو علاج و معالجہ کی سہولتوں کی فراہمی میں گرانقدر خدمات سرانجام دے رہی ہے۔

اس موقع پر ریڈ کریسنٹ کے چیئرمین نے وزیر اعلیٰ کو بلوچستان میں اپنے ادارے کی جاری سرگرمیاں سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ ریڈ کریسنٹ کوئٹہ میں کارڈک سینٹر اور گوادر میں ٹراما سینٹر کا قیام عمل میں لا رہی ہے، جس کے لیے صوبائی حکومت کی معاونت بھی درکار ہے، وزیراعلیٰ نے انہیں صوبائی حکومت کی جانب سے بھرپور تعاون کا یقین دلایا۔

(جاری ہے)

وفد میں ریڈ کریسنٹ کے صوبائی چیئرمین میجر (ر) فضل درانی اور ڈاکٹر عمران خان شامل تھے۔

بعدازاں وزیراعلیٰ بلوچستان نے پاکستان ریڈ کریسنٹ کے رضا کاروں سے بھی ملاقات کی جنہوں نے سانحہ سول ہسپتال میں امدادی سرگرمیوں میں حصہ لیا تھا ، رضا کاروں نے وزیراعلیٰ کو اس حوالے سے تفصیلات سے بھی آگا ہ کیا، وزیراعلیٰ نے ریڈ کریسنٹ کے رضا کاروں کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے ان کے لیے 5لاکھ روپے کا اعلان بھی کیا۔

متعلقہ عنوان :