آپریشن ضرب عضب میں دہشتگردوں کے ٹھکانے نیست ونابود کر دیئے گئے ہیں،اقبال ظفرجھگڑا

جلد ہی باقیماندہ دہشت گردوں کا بھی قلع قمع کردیا جائے گا ، دہشت گردی کے ناسور کو ختم کرکے دم لیں گے،گورنرخیبرپختونخوا

جمعہ 2 ستمبر 2016 22:20

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔2 ستمبر ۔2016ء) گورنر خیبر پختونخوا اقبال ظفر جھگڑا نے کہا ہے کہ دہشت گردی دم توڑ رہی ہے ہماری افواج اور سیکورٹی فورسز دہشت گردوں کا ڈٹ کر مقابلہ کررہے ہیں اپریشن ضرب عضب میں ان کے ٹھکانے نیست ونابود کر دیئے گئے ہیں اور جلد ہی باقیماندہ دہشت گردوں کا بھی قلع قمع کردیا جائے گا ۔وہ مردان میڈیکل کمپلکس اور ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال میں مردان دھماکے میں زخمی ہونے والے افراد کی عیادت کے بعد میڈیا سے بات چیت کر رہے تھے ۔

اس موقع پر پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما نوابزادہ ارسلا خان ہوتی ، ضلعی صدر سید عنایت باچہ ایڈوکیٹ ، مسلم لیگ (ن) یوتھ ونگ کے مرکزی رہنما خادم علی یوسفزئی اور بڑی تعداد میں مسلم لیگ کے کارکن بھی موجود تھے ۔

(جاری ہے)

گورنر نے کہا کہ مردان کا واقعہ نہایت افسوسناک ہے جس میں وکلاء برادری اور عام شہریوں کو نشانہ بنایا گیا ہے ہماری افواج ، پولیس اور دیگر اداروں نے دہشت گردوں کے خلاف جو کامیاب کاروائیاں کی ہیں جس کے بعد یہ لوگ سافٹ ٹارگٹس کو نشانہ بنارہے ہیں لیکن ہم گھبرائیں گے نہیں اوراپنے پختہ عزم اور ارادے سے ان دہشت گردوں کو شکست دیں گے ۔

اُنہوں نے کہا کہ کل ہی وزیر اعظم اور آرمی چیف نے یہ عزم ظاہر کیا تھا کہ دہشت گردی کے ناسور کو ختم کرکے دم لیں گے انشاء اﷲ ہم اس عزم پر قائم ہیں اور ہماری بہادر افواج اور تمام سیکورٹی فورسز عوام کے تعاون سے انسانیت کے دشمنوں کو ہمیشہ کے لیے ختم کریں گے اور اس ملک میں امن بحال کرکے رہیں گے ۔اُنہوں نے کہا کہ یہ لوگ سوچنے سمجھنے سے عاری ہیں اﷲ تعٰا لیٰ نے ایک بے گناہ انسان کے قتل کو پوری انسانیت کا قتل قرار دیا ہے قوم انسانیت کے ان دشمنوں کو پہچان چکی ہے اور ان کے ہتھکنڈوں کو ناکام بنا یا جائے گا ۔

ایک سوال کے جواب میں گورنر اقبال ظفر جھگڑا نے کہا کہ فاٹا ریفارم کے مثبت نتائج برامد ہوں گے فاٹا کے 70 فی صد سے زائد بے گھر افراد اپنے گھروں کو واپس جاچکے ہیں اور میں یقین دلاتا ہوں کہ باقی آئی ڈی پیز بھی نومبر یا پھر اس سال کے آخر تک اپنے گھروں کو لوٹ جائیں گے۔اُنہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت ان کے نقصانات اور ان کے تباہ شدہ گھروں ،دوکانوں اور بازاروں کا ازالہ کرے گی اور ان کی بحالی ہماری اولین ترجیح ہے ۔

اس سے پہلے گورنر نے مختلف وارڈوں میں زیر علاج دھماکے کے زخمیوں کی عیادت کی اور ان کی جلد صحتیابی کے لیے دعا کی ،اس موقع پر ایم ایم سی ٹیچنگ ہسپتال کے میڈیکل ڈائریکٹر ڈاکٹر امیر خان ،ہاسپٹل ڈائریکٹرڈاکٹر طارق محمود،پی آر او ڈاکٹر جاوید اقبال اور سرجن ذوالفقار درانی نے ان کو ہسپتال میں دھماکے کے زخمیوں کے علاج اور ان کو دی جانے والی سہولیات کے بارے میں بریفنگ دی۔ گورنر نے ہسپتال انتظامیہ کو ہدایت کی کہ ان زخمیوں کے علاج معالجے میں کوئی کوتاہی نہ برتی جائے ۔گورنر نے بعد ازاں خودکش دھماکے کے مقام کا دورہ بھی کیا ۔

متعلقہ عنوان :