Live Updates

حکومت وطن کی غدار جماعت ایم کیو ایم پر فوری پابندی عائد کرے

پاکستان تحریک انصاف کے رکن پنجاب اسمبلی راجہ راشد حفیظ کا اجلاس سے خطاب

جمعہ 2 ستمبر 2016 21:31

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔2 ستمبر ۔2016ء) پاکستان تحریک انصاف کے رکن پنجاب اسمبلی راجہ راشد حفیظ نے کہا ہے کہ ’’الطافی ‘‘ ہانڈی میں 38 سال تک پکنے والی ساری کھیر خراب ہے لہذا حکومت وطن کی غدار جماعت ایم کیو ایم پر فوری پابندی عائد کرے جس کے جھنڈے تلے پاکستان مخالف نعرے لگائے گئے ․ یہ گروہ سیاسی نہیں بلکہ ایک مافیا ہے جس نے لندن میں رہنے والوں کی ہدایت پر کراچی کا امن تباہ کرنے میں کبھی کوئی ہچکچاہٹ نہیں دکھائی ․ انہوں نے یہ بات تحریک انصاف کے پبلک سیکریٹریٹ برائے این اے 55 رحمن آباد میں کارکنوں کے ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی ․ اس موقع پر حلقہ پی پی گیارہ سمیت دیگر حلقوں سے تعلق رکھنے والے کارکنوں کے ساتھ 3 ستمبر کی احتساب ریلی میں شرکت کا لائحہ عمل طے کیا گیا ․ راجہ راشد حفیظ نے کہا کہ ہمارا قافلہ شمالی پنجاب کے مرکزی قافلے میں شامل ہو کر عمران خان اور دیگر راہنماؤں کی قیادت میں لاہور کی جانب مارچ کرے گا ․ انہوں نے کہا کہ عوام پانامہ لیکس کے مجرموں اور پاکستان کے مخالفین کے حامی سیاستدانوں کا بوریا بستر گول کرنے کیلئے یک جان ہو چکے ہیں ․ انہو ں نے کہا کہ تحریک انصاف کی احتساب ریلی نے حکمرانوں کی صفوں میں ہلچل پیدا کر رکھی ہے جو اپنی لوٹی ہوئی دولت کو بچانے کیلئے شفاف تحقیقات سے بچنے کی ہر ممکن کوشش کر رہے ہیں مگر تحریک انصاف عوامی طاقت کے ذریعے انہیں ایسا ہر گز نہیں کرنے دے گی ․ انہوں نے کہا کہ عوام ہر شہر میں تحریک انصاف کی احتساب ریلی کا بے مثال استقبال کریں گے ․

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات