جھوٹ ،دھوکے ،نا انصافی اور بے رحمی کے باعث ہماری زندگیوں سے بر کت اورسکون قلب ختم ہو گیا، صاحبزادہ سیدہدایت رسول قادری

جمعہ 2 ستمبر 2016 20:20

فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔2 ستمبر ۔2016ء) امیر تحریک منہاج القرآن صاحبزادہ سیدہدایت رسول قادری نے کہاہے کہ جھوٹ ،دھوکے ،نا انصافی اور بے رحمی کے باعث ہماری زندگیوں سے بر کت اورسکون قلب ختم ہو گیا،کمزوری کو انصاف سے محروم رکھنے اور یتیموں کامال کھانے والے سود خور معاشرے پر اﷲ کی رحمت کا نزول نہیں ہوتیں ۔ان خیالات کااظہار انہوں نے دارالعلوم نوریہ رضویہ گلبرگ اے میں جمعۃ المبارک کے بڑے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

ہدایت رسول قادری نے کہاکہ نا اہل حکمران ،دہشتگردی اور خود کش دھماکے ہمارے اعمال کا شاخسانہ ہیں۔ جس معاشرے میں حلال حرام کی تمیز ختم ہو جائے ،کمزور طبقات بنیادی حقوق سے محروم کر دئیے جائیں ،بے یقینی ،مایوسی اور آفات کا خوف اس معاشرے کا مقد ربن کر رہ جاتا ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ اﷲ کے بندوں ،مومنین اور ایمان داروں کی جو نشانی قرآن نے بتائی ہے اس کے مطابق وہ حزن اور ملال سے ماوراء ہوتے ہیں ،اﷲ کے بر گزیدہ بندوں کے دلوں میں گزرے ہوئے کل کا ملال ہوتا ہے اور نہ آ نے والے دنوں کا خوف ہوتا ہے ،مگر ہم اپنے برے اعمال کی وجہ سے گزرے ہوئے کل کے ملال اور آنے والے دنوں کے خوف سے دوچار ہیں ۔

انہوں نے کہاکہ منہاج القرآن علم و امن کے فروغ اور اصلاح و احوال کی عالمگیر تحریک ہے۔ ڈاکٹر طاہر القادری کا پیغام ہے کہ اصلاح معاشرہ کی تحریک کا آغاز ہر ذی نفس اپنے آپ اور اپنے گھر سے شروع کرے اگر ہم اﷲ کی نعمتوں،برکتوں کے حقدار بننا چاہتے ہیں تو پھر اپنے اطراف میں ہونیوالے مظالم پر خاموش رہنا بند کر دیں ،ظالم کا ظلم روکنے کیلئے اپنا دینی و ملی فریضہ ادا کریں ،ایمان دار لوگوں کی خاموشی اور لا تعلقی کی وجہ سے ظلم بڑھ رہا ہے ،ظلم پر مبنی معاشرے میں کوئی ایماندار بھی چین کی نیند نہیں سو سکتا ۔

انہوں نے کہاکہ ہر روز دھماکے ہوتے ہیں ،ہمارے گھروں سے ہمارے بچے اور بچیاں اٹھائی جا رہی ہیں ،انہیں ذبح کیا جا رہا ہے ،انصاف کے اداروں میں شرفاء کی پگڑیاں اچھالی جا رہی ہیں،سرکاری خزانے کو بے دردی سے لوٹا جا رہا ہے اور ہم خاموشی سے تباہی و بربادی کا یہ منظر دیکھ رہے ہیں اور ہم سمجھتے ہیں کہ یہ ہمارا مسئلہ اور دکھ نہیں ہے جبکہ اس ساری تباہی کے مضمرات ہم بھگت رہے ہیں اوراس ملک کا عام شہری بھگت رہا ہے ۔انہوں نے کہاکہ اسلامیان پاکستان اپنی ملی،سیاسی اور سماجی ذمہ داریوں کو سمجھیں اور انہیں ادا کریں ۔ قیامت کے دن ملک و قوم کی اس اجتماعی بربادی پر خاموشی اختیار کرنے والوں سے بازپرس ہو گی۔

متعلقہ عنوان :