لاہور ہائیکورٹ نے گورنر پنجاب کو فریقین کا موقف سن کر درخواست پر فیصلہ کرنے کی ہدایت کر دی

وائس چانسلرمجاہد کامران کو پنجاب یونیورسٹی کے سنڈیکٹ اجلاس کی سربراہی سے روکنے کیلئے دائر درخواست نمٹا دی گئی

جمعہ 2 ستمبر 2016 20:18

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔2 ستمبر ۔2016ء) لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس سید منصور علی شاہ نے پنجاب یونیورسٹی کے قائمقائم وائس چانسلر ڈاکٹر مجاہد کامران کو پنجاب یونیورسٹی کے غیر فعال سینڈیکیٹ کے اجلاس کی سربراہی سے روکنے کے لئے دائر درخواست نمٹاتے ہوئے گورنر پنجاب کو فریقین کا موقف سن کر درخواست پر فیصلہ کرنے کی ہدایت کر دی۔

جمعہ کے روزلاہور ہائیکورٹ کے روبرو درخواست گزار کے وکیل صفدر شاہین پیر زادہ نے موقف اپنایا کہ قوانین کے تحت یونیورسٹی کے قائمقائم وائس چانسلر سینڈیکیٹ اجلاس کی صدارت کا قانونی اختیار نہیں رکھتے لیکن پنجاب یونیورسٹی کے قائمقائم وائس چانسلر ڈاکٹر مجاہد کامران غیر قانونی طور پر سینڈیکیٹ اجلاس کی صدارت کر رہے ہیں۔

(جاری ہے)

لہٰذا معزز عدالت سے استدعا ہے کہ انہیں اس سے روکا جائے ۔

دوران سماعت پنجاب یونیورسٹی کے وکیل ملک اویس خالد نے موقف اختیار کیا کہ یونیورسٹی کے چانسلر گورنر پنجاب نے یونیورسٹی کے اہم امور چلانے کے لئے سینڈیکیٹ اجلاس کا نوٹیفیکیشن جاری کیا۔مجاہد کامران نے قوانین اور چانسلر کی جانب سے جاری نوٹیفیکیشن کی روشنی میں سینڈیکیٹ اجلاس کی صدارت کر کے یونیورسٹی کے اہم امور چلانے کی منظوری دی۔فاضل عدالت نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد گورنر پنجاب کو فریقین کا موقف سن کر درخواست پر فیصلہ کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے درخواست نمٹا دی۔