پنجاب حکومت کے متعدد محکمے اور ادارے لیسکو کے اربوں روپے کے نادہندہ نکلے

لیسکو نے بلوں کی ریکوری کے لئے مہم کا آغاز کر دیا، نوٹس کے باوجود عدم ادائیگی پر کنکشن کاٹ دیئے جائیں گے

جمعہ 2 ستمبر 2016 20:16

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔2 ستمبر ۔2016ء) پنجاب حکومت کے متعدد محکمے اور ادارے لیسکو کے اربوں روپے کے نادہندہ نکلے، لیسکو نے بلوں کی ریکوری کے لئے مہم کا آغاز کر دیا، نوٹس کے باوجود عدم ادائیگی پر کنکشن کاٹ دیئے جائیں گے۔تفصیلات کے مطابق پنجاب حکومت کے سرکاری محکمے اور ادارے لیسکو کے ا ربوں روپے کے نادہندہ ہیں، تمام نادہندگان کی جانب سے کمپنی کو کئی ماہ سے بل جمع نہیں کرائے گئے، اڑھائی ارب روپے سے زائد کے بل واجب الادا ہونے کی وجہ سے لیسکو نے نادہندگان سے ریکوری کے لئے مہم کا آغاز کر دیا ہے مہم کے تحت ابتدائی طور پر نادہندہ محکموں اور اداروں کو نوٹس بھجوائے جائیں گے تاہم نوٹس کے باوجود عدم ادائیگی پر بجلی کا کنکشن منقطع کر دیا جائیگا ۔

(جاری ہے)

واسا، ضلعی انتظامیہ، پولیس اور محکمہ صحت لیسکو کے نادہندہ ہیں ٹی ایم ایز، سوئی ناردرن گیس کمپنی، محکمہ اوقاف و مذہبی امور، پی ایچ اے اور محکمہ آثار قدیمہ بھی نادہندگان میں شامل ہیں سرکاری دستاویزات کے مطابق واسا 1 ارب 13کروڑ روپے، پی ایچ اے 3 کروڑ روپے، میو ہسپتال 2 کروڑ روپے، لاہور رنگ روڈ 2 کروڑ روپے، پنجاب یونیورسٹی 1 کروڑ روپے، پنجاب میٹرو بس اتھارٹی 1 کروڑ روپے، ٹیپا 1 کروڑ روپے، ٹی ایم اے راوی ٹاون 18 کروڑ روپے، ضلعی انتظامیہ 9 کروڑ روپے، ٹی ایم اے سمن آباد 8 کروڑ روپے، ٹی ایم اے داتا گنج بخش ٹاون 8 کروڑ، ٹی ایم اے گلبرگ 4 کروڑ روپے اور نشتر کالونی 3 کروڑ روپے کا نادہندہ ہے اس کے علاوہ محکمہ آبپاشی 32 کروڑ روپے، پنجاب جیل 6 کروڑ روپے، پنجاب پولیس 1 کروڑ روپے اورسول سیکرٹریٹ 1 کروڑ روپے کے نادہندہ ہیں لیسکو چیف چوہدری محمد انور نے بتایا کہ ریکوری مہم کے دوران نادہندگان کے کنکشن کاٹ کر بھی ریکوری کی جائیگی۔

متعلقہ عنوان :