پاکستان اس وقت لاتعداد مسائل میں گھرا ہواہے، بھارت اسلحہ کے زور پر خطے میں بد امنی پھیلارہا ہے ، جنگ مسلط کرنا اُس کا جنون ہے ، اسلحہ پر خرچ ہونے والا پیسہ عوامی فلاح و بہبود پر صرف ہونا چاہیے، میرے والد نے پوری زندگی عوام کی خدمت میں صرف کردی،اُن کی خدمات پر ڈاکٹر ہارون الرشید تبسم کی کتاب ’’ ہمارے ایدھی صاحب ‘‘ کی اشاعت ادارہ کیلئے انمول تحفہ ہے

چیئرمین ایدھی فاؤنڈیشن پاکستان فیصل ایدھی کا تقریب سے خطاب

جمعہ 2 ستمبر 2016 19:57

سرگودھا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔2 ستمبر ۔2016ء) چیئرمین ایدھی فاؤنڈیشن پاکستان فیصل ایدھی نے کہا ہے کہ پاکستان اس وقت لاتعداد مسائل میں گھرا ہواہے۔ بھارت اسلحہ کے زور پر خطے میں بد امنی پھیلارہا ہے ۔ جنگ مسلط کرنا اُس کا جنون ہے ۔ اسلحہ پر خرچ ہونے والا پیسہ عوامی فلاح و بہبود پر صرف ہونا چاہیے۔ میرے والد گرامی حضرت عبدالستار ایدھی نے پوری زندگی عوام کی خدمت میں صرف کردی۔

اُن کی خدمات پر ڈاکٹر ہارون الرشید تبسم کی کتاب ’’ ہمارے ایدھی صاحب ‘‘ کی اشاعت ادارہ کے لیے انمول تحفہ ہے ۔ شاہینوں کے شہر سرگودھا آمد کا مقصد صرف ڈاکٹرہارون الرشید تبسم سے اظہار تشکر ہے ۔ اُنھوں نے ان خیالات کا اظہار جناح ہا ل سرگودھا میں تقریب بہرِ ملاقات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

قبل ازیں ڈاکٹر ہارون الرشید تبسم ، ممتاز عارف، شمشاد حسین شاہد، عتیق الرحمن ، محمد عرفان بٹ، علی حسنین قادری، قاری اویس اور مولانا محمد شاہد نے بھی خطاب کیا۔

فیصل ایدھی نے مزید کہا کہ دوسروں کی خدمت کرنا بہت بڑے اعزاز کی بات ہے ۔ہمیں شکستہ دلوں کو حوصلہ دینا چاہیے۔ خود انحصاری سے ہی ہم اپنے پاؤں پر کھڑے ہوسکتے ہیں۔ ڈاکٹر ہارون الرشید تبسم نے میرے والد گرامی کے بارے میں جو کتاب تحریر کی ہے وہ قابلِ فخر ہے ۔ بہت ہی قلیل وقت میں ایک مربوط کام کرنا بہت مشکل ہے ۔ یہ کتاب ہر حوالے سے مستند اور قابلِ مطالعہ ہے ۔

ڈاکٹر ہارون الرشید تبسم کی تحقیق سے استفادہ کرنے کے لیے کراچی سے سرگودھا تک کا سفر میرے لیے باعثِ اعزاز ہے ۔ بک کارنر جہلم نے بھی اس کتاب کی اشاعت میں اپنا بھرپور کردار ادا کیا ہے ۔ شمشاد حسین شاہد نے حضرت عبدالستار ایدھی کو منظور ہدیۂ عقید ت پیش کیا۔ ڈاکٹر ہارون الرشید تبسم نے کہا جو قومیں اپنے محسنین کو یاد رکھتی ہیں وہ ہمیشہ ترقی کی منازل طے کرتی ہیں۔

صلاحیتوں کا اعتراف کرنے سے صلاحتیں پروان چڑھتی ہیں ۔ تصنیف و تالیف مشکل ضرور ہے لیکن ناممکن نہیں ہے ۔ حضرت عبدالستار ایدھی نے خدمتِ انسانیت کی جو روایت شروع کی اُسے جاری رکھنے کی ضرروت ہے ۔ ممتاز عارف نے کہا کہ اس وقت علمی ادبی حلقوں میں ڈاکٹر ہارون الرشید تبسم کی تصنیفات نے تہلکہ مچادیا ہے ۔ مرکز سے دور ہونے کے باوجود اُن کی 65کتابوں کی اشاعت اہلِ سرگودھا کے لیے قابلِ فخرہے۔

محمد عرفان بٹ نے کہا کہ جو لوگ دوسروں کے لیے خدمت انجام دیتے ہیں وہ ہمیشہ زندہ رہتے ہیں۔ ہماری زندگی کا مقصد دوسروں کے کام آنا ہے ۔ ہمیں اپنی ذات سے بالا تر ہو کر دوسروں کے کام آنا چاہیے۔ عبدالستار ایدھی کا نام تاریخ میں ہمیشہ زندہ رہے گا۔ محمدعرفان بٹ کی طرف سے فیصل ایدھی کے اعزاز میں ظہرانہ بھی دیا گیا۔ پروگریسو پبلک سکول و کالج کی طرف سے 75ہزار روپے جب کہ پرسنیلٹی گرومنگ سکول کی طرف سے 10ہزار روپے عطیہ دیا گیا۔ فیصل ایدھی نے سربراہان ادارہ کا شکریہ ادا کیا۔ تقریب میں مختصر نوٹس پر بہت سے لوگوں نے شرکت کی۔پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا کے ممبران کی کثیر تعداد نے تقریب کی کوریج کی ۔